پاکستان کرکٹ ٹیم کے 2 غیرملکی کوچز کے ناموں کا اعلان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے 2 غیرملکی کوچز کے ناموں کا اعلان


پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر جیسن گلیسپی کو ریڈ بال کا کوچ لا رہے ہیں جبکہ جنوبی افریقا کے گیری کرسٹن وائٹ بال کے کوچ ہوں گے۔

لاہور میں محسن نقوی نے اظہر محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ان کوچز کا آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں ہمارے پوٹینشل پر اعتماد ہے، اظہر محمود دونوں فارمیٹ کے اسسٹنٹ کوچ ہوں گے، یہ وائٹ بال اور ریڈ بال کرکٹ ٹیموں کو جوڑیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے یہ تینوں تقرریاں 2 سال کی مدت کے لیے کی گئی ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہم بہتر کرنے میں کامیاب ہوں گے، اظہر محمود ٹیم کو ایک جگہ پر لائے ہیں، ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی لارہے ہیں، ویمن کرکٹ کو برابری پر اوپر لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کا کام پیسے اکٹھے کر کے بینکوں میں جمع کرنا نہیں، فزیو تھراپسٹ کے لیے ڈیوائسز منگوالی ہیں، اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے، 7 مئی کو ہماری انٹرنیشنل بڈ ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ایسی کمپنیاں ہوں گی جو انٹرنیشنل اسٹیڈیمز کا تجربہ رکھتی ہیں، ہم تاخیر کا شکار ہیں لیکن جلد از جلد کام مکمل کریں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ احسان اللہ کے حوالے سے پینل کی رپورٹ کا انتظار  ہے، ابھی اس پر کمنٹ نہیں کروں گا جو بھی ذمہ دار ہوگا ایکشن ہوگا، احسان اللہ کے علاج کے حوالے سے شکایت ملی تھی،منگل بدھ تک رپورٹ آجائے گی، ہمارے لیے سب کرکٹر اہم ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں