پاکستان کا دورہ انگلینڈ کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت سے مشروط


پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے دورہ انگلینڈ کے لیے کسی بھی فیصلے کو کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت سے مشروط کر دیا ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، دورہ انگلینڈ کے حوالے سے پی سی بی اور انگلش کرکٹ بورڈ مکمل رابطے میں ہے اور اس حوالے سے دونوں بورڈز کے متعلقہ نمائندگان15 مئی کو کانفرنس کال میں شرکت کریں گے۔

وسیم خان نے کہا کہ کانفرنس کال میں انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو، ڈائریکٹر کرکٹ، چیف میڈیکل آفیسر اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنزشرکت کریں گے جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے وہ (چیف ایگزیکٹو)، مصباح الحق (قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ)، ذاکر خان (ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ) اور ڈاکٹر سہیل سلیم (سربراہ میڈیکل پینل) ویڈیو لنک کے ذریعے سیریز کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ انگلینڈ کے حالات بہت خراب ہیں، وہ بائیو سیکیور نظام کی بات کر رہے ہیں مگر ہمیں یہ بھی دیکھنا ہے کہ کھلاڑیوں کی آمد ورفت اور رہائش کے لیے بالترتیب فلائٹس اور ہوٹلز کا انتظام بھی کرنا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قیاس آرائیاں تو یہ بھی ہیں کہ ہم 4 یا 5 ٹیسٹ میچ کھیلیں مگر اس حوالے سے کچھ بھی کہنا ابھی قبل ازوقت ہے تاہم امید ہے کہ 15 مئی کو کانفرنس کال کے بعد صورتحال واضح ہو جائے گی۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ آئندہ 12 ماہ بہت اہم ہیں، اس صورتحال میں پوری کرکٹ فیملی کو ایک سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے آئندہ 12 ماہ تو اطمینان بخش رہیں گے مگر 18 ماہ پر مشتمل دورانیے میں ہمیں بھی ایشوز کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے تاہم امید ہےکہ اس وقت تک کرکٹ شروع ہو جائے گی۔

کھلاڑیوں کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان 12 مئی بروز منگل کو ہوگا

قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کے سنٹرل کنٹریکٹ کا اعلان 12 مئی بروز منگل کو کر دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پی سی بی مستقبل کی منصوبہ بندی نہیں کرتا تھا مگر ہم پرانی روایات کو بدل رہے اور یہی وجہ ہے کہ یکم جولائی سے شروع ہونے والے کنٹریکٹ کا اعلان جلد کر کے کھلاڑیوں کو تحفظ دینا چاہتے ہیں۔

وسیم خان نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق گزشتہ 3 ہفتے سے سنٹرل کنٹریکٹ کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست تیار کر رہے تھے، اب کل وہ 19 سے 20 کھلاڑیوں کی فہرست بورڈ کو پیش کر دیں گےجس پر صلاح مشوروں کے بعد چیئرمین پی سی بی کی منظوری کے ساتھ حتمی فہرست کا اعلان کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ کنٹریکٹ بھی تین مختلف کٹیگریز پر ہی مشتمل ہوگا اور بورڈ اس بار کھلاڑیوں کا معاوضہ کم کرنے کی بجائے مزید اضافہ کے بارے میں سوچ رہا ہے۔

وسیم خان نے کہا کہ 13 مئی کو کرکٹ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں کھلاڑیوں کے سنٹرل کنٹریکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ پر بریفنگ دی جائے گی، جس میں ڈیارٹمنٹ کرکٹ کی بھی بات ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی کی اولین ترجیح ہے اور اس سوچ کے ساتھ ہی آئندہ سیزن کی تیاری کی جا رہی ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ تمام ایسوسی ایشنز کے کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے جب کہ قائم مقام کمیٹیز کی تیاری بھی حتمی مراحل میں ہے۔

وسیم خان نے واضح کہا ہے کہ بورڈ ا س ضمن میں اپنے اخراجات کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور ہمارا ہدف ہے کہ ہم ڈومیسٹک کرکٹ میں اسپانسر ز کو 50 فیصد کا حصہ دار بنائیں مگر کورونا وائرس کے سبب اسپانسرز دستیاب نہیں ہیں لہٰذا پی سی بی گزشتہ سال کی نسبت رواں سال بھی ڈومیسٹک کرکٹ میں سرمایہ کاری کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی ڈومیسٹک سیزن ستمبرمیں شروع کرنےکا ارادہ رکھتا ہے تاہم کورونا وائرس کے باعث اکتوبر اور نومبر کو بھی متبادل آپشنز کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں