پاکستان کی عالمی شہرت یافتہ خاتون کرکٹر اور سابق کپتان ثناء میر نے انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
قومی سلیکٹرز نے ثنا ء میر کو آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ کپ کی ٹیم سے ڈراپ کیا تھا جس پر کپتان بسمعہ معروف نے بھی تحفظات ظاہر کئے تھے اور ثناء میر نے سوشل میڈیا پر چیف سلیکٹر عروج ممتاز پر تنقید کی تھی۔
اس سے قبل کراچی میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں ثناء میر کی کارکردگی بہتر نہیں تھی۔
ثنا ء میر نے کہا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا اعزاز اور گرین جرسی زیب تن کرنا قابل فخر لمحہ ہوتا ہے، اب یہ وقت آگے بڑھنے کا ہے، انشاءاللہ خدمت کا یہ سلسلہ کسی اور انداز میں جاری رہے گا، پاکستان زندہ باد۔
ہفتے کو ایک بیان میں ثناء میر نے کہا کہ گذشتہ چند مہینوں نے مجھے ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچنے کا بھرپور موقع فراہم کیا اور میرے نزدیک زندگی میں آگے بڑھنے کا یہی بہترین وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ وہ ملک اور کھیل کے لیے بہترین کردار ادا کرنے میں کامیاب رہی ہیں، اپنے کرکٹ کیرئیر کے دوران میں خواتین کرکٹ کی چند بہترین کھلاڑیوں سے ملیں اور ان سے گہری دوستی قائم ہوئی۔
سابق کپتان قومی ویمن ٹیم نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کی کہانیاں اور فلسفے نے نہ صرف مجھے ایک مضبوط ایتھلیٹ بننے میں مدد کی بلکہ انہیں ایسا سبق دیا جو ہار، جیت یا کھیل سے منفرد ہے۔
ثناء میر کا شمار خواتین کرکٹ کی بااثر کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، ماضی میں کئی کوچز نے ان پر ٹیم میں گروپنگ کا الزام لگایا لیکن پی سی بی نے ٹیم انتظامیہ کی رپورٹس کو ہمیشہ نظر انداز کیا۔
سابق کوچ صبیح اظہر نے ان پر سنگین الزامات لگائے تھے لیکن پی سی بی نے ڈسپلن کیس میں ان کے خلاف کارروائی سے گریز کیا ۔
پی ایس ایل کے دوران پی سی بی نے ثناء میر کی خدمات ماہرانہ تبصروں کے لیے حاصل کی تھیں جب کہ اکتوبر 2018 میں ثناء میر نے آئی سی سی ویمنز ایک روزہ بولروں رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
ثناء میر کا شمار ان 9 خواتین کرکٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نےایک روزہ کرکٹ میں 100وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 1000 رنز بنائے۔
اس فہرست میں آسٹریلیا کی لسا اسٹالیکر کا پہلا نمبر ہے، انہیں وزڈن ویمنز ٹیم آف ڈیکیڈ کی کپتان نامزد کیا گیاتھا۔
پی سی بی نے ہفتے کو اعلان کیا کہ ثناء میر نے آج اپنے 15 سالہ شاندار کرکٹ کیرئیر کو خیر آباد کہہ دیا ہے۔
انہوں نے اپنے کیرئیر میں 226 بین الاقوامی میچوں میں شرکت کی، اس دوران انہوں نے 2009-2017 تک 137 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی۔
ثناء میر نے اپنے ایک روزہ کرکٹ کیرئیر کا آغاز دسمبر 2005، کراچی میں سری لنکا کے خلاف کیا جب کہ آخری ایک روزہ میچ نومبر2019، لاہور میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا۔
انہوں نے 120 ایک روزہ میچوں میں 151 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 1630 رنز بنائے۔ 151 ایک روزہ وکٹوں کے ساتھ ثناء میرآل ٹائم لسٹ میں انیسہ محمد کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں، اس فہرست میں بھارت کی جھولان گوسوامی کا پہلا نمبر ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے بھی ثناء میر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے نوجوان خواتین کھلاڑیوں کے لیے رول ماڈل قرار دیا گیا۔