لاہور: پاکستان نے منگل کے روز اپنے باسمتی کے لیے جغرافیائی اشارے (جی آئی) ٹیگ حاصل کیا جس سے چاول کے اس خاص طرز کے لیے مقامی سطح پر رجسٹری اور پاکستانی مصنوعات کی حیثیت سے اس کے تحفظ کے لیے عالمی منڈیوں میں مقدمہ کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔
مشیر برائے کامرس عبدالرزاق داؤد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان نے جغرافیائی اشارے ایکٹ 2020 کے تحت باسمتی رائس کو جغرافیائی اشارے کے طور پر رجسٹرڈ کیا ہے، اس ایکٹ کے تحت، ایک جغرافیائی اشارے کی رجسٹری تشکیل دی گئی ہے جو جغرافیائی اشارے رجسٹر کرے گی اور جی آئی کے ملکیت اور مجاز صارفین کے بنیادی ریکارڈ کو برقرار رکھے گی۔
عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ ‘یہ غلط استعمال یا مشابہت کے خلاف ہماری مصنوعات کو تحفظ فراہم کرے گا اور اسی وجہ سے اس بات کی ضمانت دے گی کہ مارکیٹ میں ان کا حصہ محفوظ ہے، میں آپ کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں کہ ان مصنوعات کی تجاویز بھیجیں جو بطور جغرافیائی اشارہ پاکستان کی دانشورانہ املاک کے طور پر رجسٹرڈ ہو سکے’۔
رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ریپ) کے مطابق ملک میں باسمتی کو بطور جغرافیائی اشارے رجسٹریشن کرنے کے لیے سرکاری اور نجی شعبے کے مابین تعاون کی ضرورت ہے، وفاقی حکومت نے ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کو باسمتی کا رجسٹرنٹ مقرر کیا ہے، ٹی ڈی اے پی نے باسمتی کو دانشورانہ املاک تنظیم (آئی پی او) میں رجسٹر کرنے کے لیے درخواست دی، اس سلسلے میں دانشورانہ املاک کی آرگنائزیشن نے رائس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کالا شاہ کاکو اور ریپ سے مدد مانگی۔
تمام صوبوں کی سفارشات کے بعد آئی پی او کے ذریعے باسمتی کی پیداوار والے علاقوں کا نقشہ تیار کیا گیا تھا، ریپ نے کہا کہ آئی پی او کے بعد عمل ایک جامع عمل رہا ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک میز پر لائے۔
صوبائی اور عوامی نجی تعاون کے ذریعے پاکستان نے اپنے باسمتی کے لیے جغرافیائی اشارے کا ٹیگ حاصل کرلیا ہے جس سے یورپی یونین میں ہندوستان کے خلاف ملک کے معاملے کو تقویت ملے گی۔
چونکہ بین الاقوامی منڈیوں میں باسمتی چاول غیر باسمتی چاول سے زیادہ قیمتیں لیتے ہیں لہٰذا ہندوستان نے یہ اعلان کرکے پاکستان کی تجارت کو یورپی یونین میں روکنے کی کوشش کی ہے کہ یہ خاص طرز جغرافیائی طور پر اصل ہے، پاکستان نے اس دعوے کو چیلنج کیا ہے اور باسمتی کے لیے جغرافیائی اشارے کو رجسٹر کرنے سے یہ ملک ہندوستان کی طرح یورپی یونین میں اپنے باسمتی کے تحفظ کا دعویٰ کرے گا۔