پاکستان میں کورونا وائرس کی شدت میں تیزی، مثبت کیسز کی شرح 8.5 سے بڑھ گئی


پاکستان میں کورونا کیسز وائرس شدت تیزی سے بڑھنے لگی ہے اور مثبت کیسز کی شرح 8 اعشاریہ 52 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 33 ہزار 302 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2839 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے مزید 40 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز سے ہلاکتوں کی تعداد 8025 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 3 لاکھ 98 ہزار 42 تک پہنچ گئے ہیں۔

اس کےعلاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1613 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

صوبوں کی صورتحال

سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 173014 ہو گئی ہے جب کہ 2924 افراد اب تک انتقال کر چکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 119035 ہے اور 2991 افراد وائرس میں مبتلا ہو کر جان سے جا چکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 17158 اور ہلاکتیں 166 ہو چکی ہیں۔

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 47190 اور 1368 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 6855 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 165 افراد انتقال کر گئے ہیں۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4649 اور 97 افراد انتقال کرچکے ہیں۔

پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 30123ہے اور اب تک 314مریض انتقال کر چکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 48576 ہے جس میں سے 2046 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں