سندھ میں صحت کے حکام نے کورونا وائرس کی بھارتی قسم کے مزید 4 کیسز کی تصدیق کردی جس کے بعد ملک میں ایسے کیسز کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
یہ تمام مریض خلیجی ممالک سے پاکستان لوٹے تھے اور کراچی ایئرپورٹ پر ان کے ٹیسٹ کیے گئے تھے جو مثبت آئے۔
ان میں سے 3 عراق اور ایک مسقط، عُمان سے واپس آیا تھا۔
ڈپٹی سیکریٹری صحت ڈاکٹر منصور وسان نے کہا کہ ‘ان مریضوں میں سے ایک کا تعلق گھوٹکی جبکہ دیگر کا کراچی کے شرقی اور جنوبی اضلاع سے ہے، انہیں سرکاری مرکز میں گزشتہ 10 روز سے قرنطینہ میں رکھا گیا ہے جبکہ ان کے اہلخانہ کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں اور روابط رکھنے والوں کو ٹریس کیا جارہا ہے۔
وائرس کی اس قسم کی تشخیص کے حوالے سے بتاتے ہوئے ڈاکٹر منصور وسان نے کہا کہ وائرس کی نئی اقسام سامنے آنے کے بعد سے محکمہ صحت ایئرپورٹ پر مسافروں کی سخت نگرانی کر رہا ہے اور ڈیڑھ ماہ کے دوران اس نے ریپڈ اینٹیجن اور پی سی آر ٹیسٹ کے ذریعے 53 مثبت کیسز کی تشخیص کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘ان مسافروں میں سے بیشتر خلیجی ممالک سے آئے، ہم نے تمام کو قرنطینہ میں رکھا اور بعد ازاں معلوم ہوا کہ ان میں سے کئی وائرس کی جنوبی افریقی، برطانوی اور برازیلین اقسام سے متاثر ہیں جبکہ تمام مسافروں میں وائرس کی کوئی علامات نہیں تھیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ایسے بھی کیسز سامنے آئے جن میں مسافروں کو ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ منفی آئے لیکن پی سی آر ٹیسٹ مثبت آگئے’۔
ڈپٹی سیکریٹری صحت نے کہا کہ وائرس کی بھارتی قسم (B.1.617.2) کے کیسز کی نشاندہی دو روز قبل ہوئی جب آغا خان ہسپتال سے ان کی جینوم سیکوئنسنگ کے لیے بھیجے گئے نمونوں کے نتائج موصول ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ‘یہ مسافر دو پروازوں کے ذریعے 20 مئی کو کراچی ایئرپوٹ پہنچے تھے، ہم نے ان 19 افراد کو بھی ٹریس کیا جن سے دوران سفر وہ رابطے میں تھے جن میں سے ایک میں کورونا مثبت آیا’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘محکمے نے ان سے رابطے میں رہنے والوں سے متعلق اپنی تلاش مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے’۔