پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان جاری ہے، جہاں کاروباری دن کا اختتام مثبت نوٹ کے ساتھ ہوا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 323 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
اسٹاک مارکیٹ میں دن کا اختتام 323.03 پوائنٹس یا 0.69 فیصد اضافے کے ساتھ 47 ہزار 79.83 پوائنٹس پر بند ہوا جو گزشتہ روز 46 ہزار 756.80 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق تقریباً 11 بج کر 30 منٹ پر انڈیکس 0.8 فیصد یا 388 پوائنٹس اضافے کے بعد 47 ہزار 145 پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا۔
فرسٹ نیشنل ایکویٹی کے چیف ایگزیکٹو افسر علی ملک نے بتایا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی جانب سے پاکستانی معاشی مشکلات کے حوالے سے مسلسل توجہ دی جارہی ہے، اس کی وجہ سے بہت امید ہے کہ پاکستان کی معیشت بہتر ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی کرنسی روز بروز مضبوط ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے لوگوں میں سرمایہ کاری کے لیے اعتماد آرہا ہے۔
انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی قدر مسلسل 20 ویں سیشن میں بھی مستحکم ہوئی اور دن کے اختتام پر روپے کی قدر میں مزید بہتری آئی اور ڈالر کی قیمت 1.04 روپے کم ہوئی۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد وشمار کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 284 روپے 68 پیسے پر بند ہوئی، اسی طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت ایک روپے کم ہو کر 285 روپے پر آگئی ہے۔
علی ملک نے مزید بتایا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر 10 فیصد ڈیوٹی عائد کرنے سے اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہوگی، جو افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت ہوتی تھی، اور جو مال باہر سے آتا تھا وہ افغانستان جانے کے بجائے پاکستان رک جاتا تھا، اس اقدام سے اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہوگی اور مقامی صنعت کو فروغ حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح ٹیکس کلیکشن بھی اچھی ہے، لہٰذا سارے پیرامیٹرز اچھے ہیں اور سرمایہ کاروں کو اعتماد مل رہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی کے ایس ای-100 انڈیکس 130 پوائنٹس یا 0.28 فیصد اضافے کے ساتھ 46 ہزار 757 پوائنٹس پر بند ہوا تھا جو کہ اس سے قبل 46 ہزار 627 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔