ٹوئنٹی20 ورلڈکپ آئی سی سی کیلیے دردِسر بن گیا


کراچی: ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ آئی سی سی کیلیے دردسر بن گیا جب کہ آسٹریلیا میں اکتوبر، نومبر میں شیڈول میگا ایونٹ کا التوا تقریباً یقینی ہوچکا۔

رواں برس اکتوبر، نومبر میں ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے انعقاد کا امکان اب نہ ہونے کے برابر ہے،آئی سی سی نے اسے ری شیڈول کرنے کیلیے مختلف آپشنز پر غور بھی شروع کردیا،اس حوالے سے بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کی پاور فل فنانشل اینڈ کمرشل افیئر کمیٹی (ایف ایم سی اے) کی چیف ایگزیکٹیو مانو سواہنے کی زیرسربراہی ٹیلی کانفرنس ہوئی، جس میں دیگر معاملات کے ساتھ ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا کہ اسے کب اور کیسے منعقد ہونا چاہیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تجویز پیش کی گئی کہ آسٹریلیا کو 2021 کے ایونٹ کی میزبانی کرنے دی جائے جبکہ بھارت 2022 میں فروری اور مارچ میں ٹورنامنٹ کا انعقاد کرے۔

یاد رہے کہ ایف ایم سی اے کے چیئرمین پی سی بی کے سربراہ احسان مانی ہیں، کمیٹی کے بعض ارکان نے اعتراض کیا کہ اگر ایک ورلڈ کپ اکتوبر، نومبر میں ہوا تو اگلا فروری، مارچ میں کیسے ہوسکتا ہے، کیا2021 کی فاتح ٹیم صرف 5، 6 ماہ کیلیے چیمپئن رہے گی۔

ذرائع نے مزید کہاکہ ابھی اس حوالے سے بی سی سی آئی نے اپنے خیالات کا اظہار نہیں کیا، اسے2021 کے ایونٹ سے دستبرداری کیلیے مضبوط وجہ پیش کرنا ہوگی۔

ادھر بھارتی بورڈ ایک بار پھر ایف ایم سی اے میں اپنی نمائندگی نہ ہونے کا رونا رونے لگا، اس معاملے میں بھی نشریاتی ادارے کو کھینچتے ہوئے کہا گیا کہ آئی سی سی ایونٹس اورآئی پی ایل کے رائٹس ایک ہی براڈکاسٹرکے پاس ہیں، کیسے وہ بھارت میں لگاتار 2 ٹی 20 ٹورنامنٹس کیلیے رضامند ہوسکتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں