ٹرمپ کا عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ فوری روکنے کا اعلان


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمگیر وبا کورونا کو بہتر طریقے سے ہینڈل نہ کرنے پر عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی فنڈنگ کو فوری طور پر روکنے کا حکم دے دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر الزام عائد کیا کہ اقوام متحدہ کا ذیلی ادارہ عالمگیر وبا کے حوالے سے اپنے بنیادی فرائض سرانجام دینے میں ناکام رہا۔

انہوں نے اپنی انتظامیہ کو عالمی ادارہ صحت کی فنڈرنگ روکنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈبلیو ایچ او نے معاملے کو ٹھیک انداز میں ہینڈل نہیں کیا اور جب وبا چین میں پھیلی تو اسے  چھپایا جو ممکنہ طور پر دنیا میں وبا کے پھیلاؤ کا باعث بنا۔

ٹرمپ کے اعلان کے بعد امریکا کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کو آئندہ دو سالوں میں ملنے والی 80 کروڑ 93 لاکھ ڈالر کی خطیر فنڈنگ رک جائے گی۔

ٹرمپ کے اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ ابھی مناسب وقت نہیں ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ کم کی جائے یا روکی جائے۔

خیال رہے کہ امریکا عالمی ادارہ صحت کو سب سے زیادہ فنڈ دینے والا ملک ہے۔ امریکا نے گزشتہ برس بھی ڈبلیو ایچ او کو 400 ملین ڈالر یعنی 40 کروڑ ڈالر امداد دی تھی جب کہ چین نے سال 19-2018 کے دوران عالمی ادارہ صحت کو 7 کروڑ 60 لاکھ ڈالر فنڈ فراہم کیا تھا۔

اس وقت امریکا دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے جہاں 6 لاکھ 14 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 28 ہزار سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں جب کہ چین میں اب تک 82 ہزار 295 افراد متاثر اور 3 ہزار 342 ہلاک ہو چکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں