نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں ویکسینیشن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شہروں میں معاملات زندگی درجہ بدرجہ معمول پر لانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کے زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں ملک میں بیماری کی صورتحال اور مختلف شہروں کی مکمل ویکسینیشن کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان کی آبادی میں اہل افراد کی کثیر تعداد کو ویکسین لگائے جانے کے بعد فورم کا اعلٰی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شہروں میں حوصلہ افزائی کے لیے معاملاتِ زندگی کو درجہ بدرجہ معمول پر لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس درجہ بندی کے مطابق اسلام آباد، منڈی بہاؤ الدین، گلگت اور میرپور 60 فیصد آبادی کو ویکسین لگا لینے پر بہترین ویکسین شدہ شہر قرار دیے گئے جبکہ 40 سے 60 فیصد آبادی کو ویکسین لگا کر راولپنڈی، جہلم، پشاور، غزر، کرمنگ، اسکردو، ہنزہ، باغ اور بھمبر اچھے ویکسین شدہ شہر قرار دیے گئے۔
اجلاس میں بقایا شہروں میں 40 فیصد آبادی سے کم افراد کو ویکسین لگائے جانے کی وجہ سے ویکسین کی شرح کو کم قرار دیا گیا۔
بہترین ویکسین شدہ شہروں، اسلام آباد، منڈی بہاؤ الدین، گلگت اور میرپور میں کورونا وبا کی لازمی احتیاطوں کو برقرار رکھتے ہوئے اجتماعات، شادی بیاہ کی تقریبات، کھیلوں کے میدان، تجارت اور کاروبار، اِن ڈور ڈائیننگ، سینما، جِم، تفریحی اور مذہبی مقامات بشمول مزارات اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں نافذ این پی آئیز کو ہٹا دیا گیا۔
بہترین ویکسین شدہ شہروں میں اندرون شہر اور بین الاضلاع سفر میں مسافروں کی تعداد کو بڑھا کر 100 فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ اچھے اور کم ویکسین شدہ شہروں میں مسافروں کی تعداد کو 80 فیصد تک رکھا گیا ہے۔
اچھے اور کم ویکسین شدہ شہروں میں اجتماعات، شادی بیاہ کی تقریبات، کھیلوں کے میدان، تجارت اور کاروبار، ان ڈور ڈائیننگ، سینما، جِم، تفریحی اور مذہبی مقامات اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں معمولی ردو بدل کے ساتھ موجودہ این پی آئیز کا نفاذ 15 نومبر تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اچھے اور کم ویکسین شدہ شہروں میں عوامی اجتماعات کو بالترتیب 500 اور 300 کی مقررہ حد میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر میں ان تمام سہولیات کا تسلسل مکمل ویکسین لگوانے اور ماسک کے لازمی استعمال سے مشروط رہے گا۔
کہا گیا کہ آئندہ 12 نومبر کو این سی او سی اپنے اجلاس میں ان فیصلوں پر نظر ثانی کرے گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ اس ضمن میں تمام صوبوں کو تفصیلی ہدایات ارسال کر دی گئی ہیں۔
مزید کہا گیا کہ این سی او سی وبا کا مستقل جائزہ لیتا رہے گا اور ضرورت پڑنے پر مطلوبہ پابندیوں کے نفاذ کے بارے میں احکامات جاری کرے گا۔
خیال رہے کہ 9 ماہ قبل ملک میں کورونا وائرس کی ویکسینیشن مہم کے آغاز کے بعد سے اب تک ملک میں 7 کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔کورونا وائرس کے حوالے سے بنائے گئے سرکاری پورٹل کے مطابق اب تک ملک میں 4 کروڑ 16 ہزار 932 افراد مکمل طور پر ویکسین لگواچکے ہیں۔
اس کے علاوہ اب تک ملک میں 10 کروڑ 35 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراک بھی عوام کو دی جاچکی ہے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل کمی آرہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے 658 نئے کیسز اور 10 اموات سامنے آئے ہیں۔
مجموعی طور پر وائرس کے اب تک ملک میں 12 لاکھ 72 ہزار 345 کیسز اور 28 ہزار 439 اموات ہوچکی ہیں۔