ویوو کا نیا اسمارٹ فون خاموشی سے پیش کردیا گیا


ویوو نے رواں سال ستمبر میں وی 20 سیریز کے فونز متعارف کرائے تھے جو اکتوبر سے پاکستان میں بھی دستیاب ہیں۔

حیران کن طور پر اس کمپنی نے اس کا اپ ڈیٹ ورژن والا وی 20 (2021) محض 3 ماہ کے اندر ہی خاموشی سے متعارف کرادیا ہے۔

ویوو نے خاموشی سے وی سیریز کا یہ نیا فون بھارت میں فروخت کے لیے پیش کیا، جو سابقہ ماڈل سے کچھ زیادہ مختلف نہیں، تاہم پراسیسر ضرور الگ ہے۔

اس نئے فون میں 6.44 انچ کا ایف ایچ ڈی پلس امولیڈ ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ فنگر پرنٹ سنسر اسکرین کے اندر نصب ہے۔

فون کے اندر کوالکوم اسنیپ ڈراگون 730 جی پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ گزشتہ ماڈل 720 جی پراسیسر موجود ہے۔

اس سے ہٹ کر 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے ایک ٹی بی تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

ویوو وی 20 2021 میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری 33 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے۔

اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی نے اپنے فن ٹچ او ایس 11 سے کیا ہے۔

دیگر فیچرز میں بلیو ٹوتھ 5.1، ہیڈ فون جیک اور ڈوئل سم سپورٹ قابل ذکر ہیں۔

فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ دیا گیا ہے جس میں مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل وائیڈ اینگل اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ سنسر کیمرے موجود ہیں۔

فون کے فرنٹ پر 44 میگا پکسل کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے جو 4 کے ویڈیو ریکارڈ کرسکتا ہے۔

اس نئے فون کی قیمت 339 ڈالرز (54 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں