بولی وڈ کی نامور اداکارہ ریچا چڈا اور اداکار علی فضل نے رواں سال فروری میں اعلان کیا تھا کہ یہ دونوں اپریل کے آخری ہفتے میں شادی کرکے اپنی زندگی کے نئے سفر کا اعلان کردیں گے تاہم اب دنیا بھر میں پہلی کورونا وائرس کی وبا کے باعث ان کی شادی بھی ملتوی ہوگئی۔
جہاں کورونا وائرس کے خطرے کے باعث دنیا بھر میں ہونے والے تمام بڑے اجتماعات منسوخ کیے جارہے ہیں وہیں ان دونوں اداکاروں نے بھی اپنے گھروالوں اور دوستوں کی اچھی صحت کے لیے ابھی شادی نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق دونوں اداکاروں کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ ’دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کے باعث علی فضل اور ریچا چڈا نے اپنی شادی کی تقریبات ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جبکہ اب رواں سال کے آخر میں شادی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی‘۔
خیال رہے کہ یہ دونوں اداکار کافی سالوں سے ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات میں ہیں، ان دونوں نے فلم ’فقرے‘ میں ایک ساتھ کام کیا اور 2013 میں اس ہی فلم کے سیٹ پر ان دونوں کی دوستی ہوئی۔
بعدازاں 2017 کی ’فقرے ریٹرنز‘ میں بھی ان دونوں نے ساتھ کام کیا اور اس فلم کے حوالے سے رکھی متعدد تقریبات میں اکٹھے شرکت کی۔
جبکہ کچھ ماہ بعد مداحوں کے سامنے اپنے تعلق کا اعلان بھی کردیا۔
واضح رہے کہ خبریں ہیں کہ ریچا چڈا اور علی فضل کے علاوہ بولی وڈ اداکار ورن دھون نے بھی اپنی شادی ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
رپورٹس تھی کہ ورن دھون اپنی بچپن کی دوست نتاشا دلال کے ساتھ رواں سال مئی میں تھائی لینڈ میں شادی کرنے جارہے تاہم اب ان دونوں نے بھی کورونا وائرس کے باعث اپنی شادی ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
البتہ ورن دھون کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
خیال رہے کہ بھارت میں گزشتہ تین دن میں کورونا وائرس کے کیسز زیادہ تیزی سے سامنے آئے اور 17 مارچ کی صبح تک وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 200 تک جا پہنچی۔
بھارت میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے کیس ریاست مہاراشٹر میں ہیں جہاں مریضوں کی تعداد 40 تک ہے جن میں سے 3 غیر ملکی شہری ہیں۔
مجموعی طور پر اس وقت تک بھارت کی 15 ریاستوں اور وفاقی علاقوں میں کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ 17 مارچ کی صبح تک کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر تین تک جا پہنچی تھی۔
بھارت میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 30 جنوری 2020 میں ریاست کیرالہ میں رپورٹ ہوا تھا۔
جنوبی ایشیائی خطے میں کورونا وائرس کے حوالے سے بھارت پہلے نمبر پر ہے جب کہ پاکستان دوسرے نمبر پر ہے۔