لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے طبیعت کی ناسازی کے باعث دفتری مصروفیات ترک کردیں۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا اظہر مشوانی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ ڈاکٹرز نے طبعیت کی ناسازی کے باعث عثمان بزدار کو عارضی طور پر تمام سیاسی و دفتری مصروفیات ترک کرکے آرام کا مشورہ دیا ہے۔
ساتھ ہی فوکل پرسن نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔
اگرچہ فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی طبیعت ناساز ہونے کی وجوہات کیا ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں اس وقت کورونا وائرس کی عالمی وبا کی دوسری لہر جاری ہے اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات اس وائرس سے متاثر ہوچکی ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پہلی مرتبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کئی مرتبہ ان پر اعتماد کا اظہار کرچکے ہیں جبکہ وہ انہیں ’وسیم اکرم پلس‘ بھی کہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے حوالے سے اگر بات کریں تو وہ پی پی 286 ڈی جی خان سے 26 ہزار 897 ووٹ لے کر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
پہلی مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے والے سردار عثمان بزدار، پرویز مشرف کے دور حکومت میں ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقے کے تحصیل ناظم بھی رہ چکے ہیں۔
وہ بزدار قبیلے کے سردار فتح محمد خان بزدار کے بیٹے ہیں جو خود 1985، 2002 اور 2008 میں رکن صوبائی اسمبلی اور ایک اسکول ٹیچر رہ چکے ہیں۔