وزیراعظم، وزیراعلیٰ سندھ اور کراچی کا میئر جیالا ہوگا، بلاول بھٹو

وزیراعظم، وزیراعلیٰ سندھ اور کراچی کا میئر جیالا ہوگا، بلاول بھٹو


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کے ووٹ سے پہلی بار کراچی کا میئر ، سندھ کا وزیراعلیٰ اور ملک کا وزیراعظم تینوں عہدوں پر جیالا ہوگا۔

کراچی کے علاقے ملیر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم کراچی کے ہر علاقے میں کھیلوں کے میدان بھی فراہم کریں گے تاکہ نوجوان کھیلوں اور تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیں تاکہ وہ کسی غلط راستے پر نہ چلیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار اور تعلیم کے مواقع فراہم کرنے جیسا کام صرف اور صرف پیپلز پارٹی ہی کر سکتی ہے۔

عام انتخابات کے حوالے سے ٹکٹوں کی تقسیم پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ابھی ابتدائی فہرست تیار کی جا رہی ہے جو کہ پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے پاس بھیجی جائے گی اور وہی حتمی فیصلہ کرے گا لیکن جب تک حلقہ بندیوں کا عمل مکمل نہیں ہوگا ہم کسی نشست پر امیدوار کا اعلان نہیں کریں گے۔

ایک سوال پر سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کسی بھی الیکشن پر لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، 1988 میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی لیکن جب پاکستان کے عوام نے فیصلہ کرلیا تو ہم نے حکومت بنائی۔

انہوں نے کہا کہ 2008 میں بھی پیپلز پارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی تھی، کارساز پر حملے میں کارکنان کو شہید کیا گیا، پھر راولپنڈی میں حملہ کرکے نہ صرف محترمہ بے نظیر بھٹو بلکہ پارٹی کارکنان کو بھی شہید کیا گیا۔

خیال رہے کہ دو نومبر کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کرکے مشاورت کے ساتھ 8 فروری کو ملک میں عام انتخابات کا اعلان کیا تھا۔

ایوان صدر میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے وفد کے ہمراہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی تھی جہاں اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے بھی صدر مملکت سے اس حوالے سے ملاقات کی۔


اپنا تبصرہ لکھیں