وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس سے متاثرہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اور پرنس چارلس کی جلد صحتیابی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے وائرس کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی تعاون پر زور دے دیا.
وزیر اعظم نے ٹوئٹ میں پرنس چارلیس اور بورس جانس کی جلد صحتیابی، اچھی صحت اور لمبی زندگی کی خواہش ظاہر کی۔
مزیدپڑھیں:کورونا وائرس: ملک میں فوجی دستوں کی تعیناتی مکمل ہوگئی، آئی ایس پی آر
انہوں نے مزید کہا کہ مہلک وائرس نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے اور ہمیں اس کا مقابلہ کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر مربوط روابط کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعے منعقدہ غیر معمولی جی 20 سمٹ میں شرکت کے فورا بعد وزیر اعظم بورس جانسن نے کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی۔
علاوہ ازیں پرنس چارلس نے 25 مارچ کو انکشاف کیا تھا کہ وہ کورونا وائرس سے متاثرہ ہیں اور دونوں برطانوی رہنماؤں اس وقت سیلف آئیسولیشن میں ہیں۔
وزیر اعظم بورس جانسن گھر سے کام کررہے ہیں جبکہ پرنس چارلس اسکاٹ لینڈ کے شاہی گھر میں خود کو قرنطینہ کرلیا۔
خیال رہے کہ برطانیہ میں اس وقت کورونا وائرس کے 17 ہزار سے زائد مصدقہ کیسز ہیں جبکہ اس وبا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ایک ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانوی سیکریٹری برائے امور خارجہ اور دولت مشترکہ امور جیریمی ہنٹ سے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی عالمی صورتحال اور وبائی بیماری سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
شاہ محمود قریشی نے بھارت کے زیرتسلط کشمیر میں مواصلات کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
علاوہ ازیں انہوں نے ایران کے خلاف پابندیاں ختم کرنے کی ضرورت کا بھی اعادہ کیا تھا۔
وزیر خارجہ نے زور دیا تھا کہ ایران میں قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کے لیے اسے اپنے وسائل بروئے کار لانے دیا جائے۔
شاہ محمود قریشی نے ترقی پذیر ممالک خصوصاً پاکستان کے لیے قرضوں سے نجات پر زور دیاتھا تاکہ متاثرہ ممالک وبائی امراض کا مقابلہ کرنے اور اپنے معاشی بحران کو کم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ وسائل وقف کرنے کے قابل ہوسکیں۔
جیریمی ہنٹ نے اتفاق کیا تھا کہ وبائی امراض کا مقابلہ کرنے کے لیے عالمی تعاون بڑھانا ضروری ہے۔