وزیر اعظم کے منصوبے کے تحت ایف بی آر کے پاس 330 تعمیراتی منصوبے رجسٹرڈ


اسلام آباد: آخری تاریخ قریب آنے کے ساتھ ہی تعمیراتی صنعت کے لیے وزیر اعظم کے پیکیج کے تحت فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 121 ارب روپے کے 330 منصوبوں کے ساتھ ساتھ 88ارب سرمایہ کاری کے مزید 218 عارضی منصوبے رجسٹرڈ کرلیے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی 30 دسمبر تک 226ارب روپے کی اشاریاتی سرمایہ کاری کے ساتھ تعمیراتی شعبے کے لیے ٹیکس مراعات حاصل کر کے 3ہزار 627 خریداروں نے ان پراپرٹیز کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

ہر بلڈر اور ڈیولپر کو 31 دسمبر 2020 کو یا اس سے پہلے ایف بی آر کے کمپیوٹر پر مبنی آئی آر آئی ایس سافٹ ویئر پر اندراج اور منصوبوں کو 30 ستمبر 2022 سے پہلے مکمل کرنا ضروری ہے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپریل 2019 میں تعمیراتی صنعت کے لیے پیکیج کا اعلان کیا تھا۔

ٹیکس عہدیداروں کا خیال ہے کہ بلڈر اور ڈیولپرز کے متعدد اشاریے والے منصوبے ہیں جن کی تیاری کا عمل ابھی باقی ہے، لہٰذا اسکیم میں منصوبوں کو مخصوص توسیع یا عام توسیع دینا ضروری ہوگا۔

ادھر بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے پہلے ہی حکومت کو کووڈ-19 کے اثرات کی وجہ سے ٹیکسوں کے دیگر اقدامات پر چھوٹ دے دی ہے، عہدیداروں کا خیال ہے کہ جون 2021 تک مزید توسیع حکومت کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہوگی کیونکہ اس سے ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

دوسری جانب 30 دسمبر تک کے بریک-اپ اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ صرف 183 منصوبے مستقل بنیادوں پر ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ کیے گئے تھے جو ٹیکس دہندگان کی رجسٹریشن سمیت تمام ضروریات کو پورا کرتے ہیں، اس کے علاوہ 147 منصوبے ایسے ہیں جنہیں ایف بی آر کے ساتھ عارضی طور پر 25 ارب روپے کی سرمایہ کاری کے ساتھ پیش کیا گیا تھا۔

ایک ٹیکس عہدیدار کے مطابق عارضی طور پر پیش کردہ منصوبے کا مطلب یہ ہے کہ ٹیکس دہندہ ایف بی آر کے ساتھ رجسٹرڈ ہے لیکن سرمایہ کاری کی جانے والی رقم یا منظوری کے منصوبوں سمیت کچھ تفصیلات باقی رہ جاتی ہیں، عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ تاہم ٹیکس دہندہ نے اندراج کروانے کے لیے خود سے عہد کیا ہے۔

وہیں 218 منصوبوں کی ایک بڑی تعداد 88ارب کی اشاریاتی سرمایہ کاری کے مسودے کے مراحل میں ہے، عہدیدار کے مطابق یہ محض ڈرافٹ ہیں جو تیاری اور منظوری کے مختلف مراحل پر ہیں، ان منصوبوں کی مکمل رجسٹریشن کے لیے اسکیم میں توسیع کی ضرورت ہوسکتی ہے۔

خریداروں کی کیٹیگری کا بریک-اپ ظاہر کرتا ہے کہ 126ارب روپے کی اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے صرف 73 افراد نے ایف بی آر کے ساتھ اندراج کرتے ہوئے بلڈرز اور ڈیولپرز سے پراپرٹی خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی، 10دسمبر 2020 تک 100ارب کی سرمایہ کاری کے ساتھ اپنے ڈرافٹ تیار کرنے والے افراد تیاریوں کے مختلف مراحل پر ہیں۔

ایف بی آر کے مطابق وزیر اعظم کا بلڈروں اور ڈیولپرز کے لیے تعمیراتی پیکیج زوروشور سے جاری ہے، اس پیکیج کو ٹیکس قوانین (ترمیمی) آرڈیننس، 2020 کے ذریعے نافذ کیا گیا جس کے تحت انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں ایک نیا سیکشن 100ڈی اور گیارہواں شیڈول داخل کیا گیا، یہ پیکیج دائرہ کار میں بہت وسیع ہے اور خوبصورت ٹیکس مراعات کی پیش کش کرتا ہے۔

پیکیج کا اطلاق زمین کے بلڈرز اور ڈیولپرز دونوں پر ہو گا اور اس میں دونوں تعمیراتی اور ترقیاتی منصوبوں کا احاطہ کیا گیا ہے، بلڈرز اور ڈیولپرز رہائشی اور تجارتی عمارتوں کے سلسلے میں پیکج کے ٹیکس فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔

اس کا فائدہ افراد اپنی حیثیت سے قطع نظر اٹھا سکتے ہیں، اس میں بلڈروں اور ڈیولپروں کے لیے بالترتیب فی مربع فٹ اور فی مربع یارڈ کی بنیاد پر ٹیکس کے نرخ مقرر ہیں۔

کم لاگت والے رہائشی منصوبوں کے معاملات میں اس حساب سے ٹیکس میں 90 فیصد کمی کی گئی ہے، مزید یہ کہ لمیٹڈ کمپنیوں کے شیئر ہولڈر کی سہولت کے لیے ان کے ڈیویڈنڈ کی آمدنی کو ٹیکس سے پاک بنا دیا گیا ہے، اس پیکیج میں ود ہولڈنگ ٹیکس سے بھی بہت سی مراعات کی فراہمی کی گئی ہے۔

سرمایہ کاری کو متحرک کرنے کے لیے بلڈر/ڈیولپرز اور اس طرح کے منصوبوں کی جائیدادیں خریدنے والوں کو سرمایہ کاری کے ذرائع کے بارے میں تحقیقات سے مکمل استثنیٰ فراہم کیا گیا ہے جو کچھ شرائط کی تکمیل سے مشروط ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں