لاہور کی مقامی عدالت نے وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ کے گھر پر ڈکیٹی میں ملوث 3 مجرموں کو 7، 7 سال قید اور جرمانے کی سزائیں سنادیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ رحمٰن الہی نے کاظم، محمود اور فہد کو قید کی سزا کے ساتھ 45، 45 ہزار روپے جرمانے کی بھی سزا سنائی۔
مجرموں کے خلاف جنوری 2020 میں تھانہ ریس کورس نے ڈکیٹی کا مقدمہ درج کیا تھا جبکہ مقدمہ عمران خان کے بھانجے شیر شاہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ رحمٰن الہی نے ٹرائل مکمل ہونے پر کیس کا فیصلہ سنایا۔
خیال رہے کہ 4 جنوری 2020 کو تین مسلح ڈاکو رات کے تیسرے پہر وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ کے گھر داخل ہوئے تھے اور وہ اپنے ساتھ 8 طلائی چوڑیاں اور ایک پرانی پستول ساتھ لے گئے تھے۔
بعدازاں ڈکیتی سے متعلق وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے شیرشاہ نے واقعہ کی تصدیق کی تھی۔
اس ضمن میں پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ گھر کا مرکزی دروازہ کھلا رہنے کی وجہ سے ڈاکو گھر میں داخل ہوگئے تھے۔