ورلڈکپ کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما اور کوئنٹن ڈی کاک نے اننگ کا آغاز کیا تاہم آسٹریلیا نے پہلے ہی اوور میں ایک رن پر جنوبی افریقی کپتان کی وکٹ حاصل کرلی۔
ٹیمبا باووما بغیر کوئی رن بنائے مچل اسٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کی دوسری وکٹ 5.4 اوورز میں 8 رنز پر گری جب کوئنٹن ڈی کاک 3 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کی تیسری وکٹ 10.5 اوورز میں 22 رنز پر گری جب ایڈن مارکرم 10 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد اگلے ہی اوور میں آسٹریلوی بولر ہیزل ووڈ نے چوتھی وکٹ بھی حاصل کرلی۔ انہوں نے راسی وندر دوسن کو 6 رنز پر کیچ آؤٹ کروایا۔
پانچویں وکٹ پر ڈیوڈ ملر اور ہینرک کلاسن نے 95 رنز جوڑے، لیکن 119 کے مجموعے پر کلاسن ٹریوس ہیڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے جبکہ اگلی ہی گیند پر ہیڈ نے مارکو یانسین کو بھی چلتا کیا۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم 31 ویں اوور کے اختتام تک 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 119 رنز ہی بناسکی تھی۔
اس سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما نے کہا کہ میں 100 فیصد فٹ نہیں ہوں لیکن کھیلنے کے قابل ہوں، آج میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے۔
اس کے بعد آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے بتایا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں اور اگر ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلا جارہا ہے۔
ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیموں نے نو نو میچز کھیلے تھے اور دونوں ٹیموں نے اپنے سات سات میچز جیتے تھے۔
پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقا نے دوسری اور آسٹریلیا نے تیسری پوزیشن لے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
آج کے میچ کی فاتح ٹیم کا ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں بھارت سے مقابلہ اتوار کو ہوگا۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دی تھی۔