فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی ’میٹا‘ کے بانی مارک زکربرگ نے تصدیق کی ہے کہ واٹس ایپ پر نئے فیچر ’کمیونٹیز‘ پر آزمائش کا سلسلہ شروع کردیا گیا۔
مارک زکربرگ نے 14 اپریل کو اپنی فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ ان کی ٹیم گزشتہ کچھ عرصے سے ’واٹس ایپ کمیونٹیز‘ پر کا کر رہی تھیں، جس پر اب آزمائش شروع کردی گئی۔
انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ ان کی ٹیم چند ماہ تک فیچر کی آزمائش کے بعد اسے عام صارفین کے لیے متعارف کرائے گی۔
مارک زکربرگ نے ’واٹس ایپ کمیونٹیز‘ کے حوالے سے وضاحت کی کہ مذکورہ فیچر کے تحت گروپ ایڈمنز ایک ہی چیٹ باکس کے اندر اپنے تمام گروپ کو شامل کرکے بیک وقت ایک ہی میسیج تمام گروپس میں بھیج سکیں گے۔
یعنی ’کمیونٹیز‘ فیچر میں کوئی بھی ایڈمن ایک جیسے متعدد گروپ ایک ساتھ ایڈ کرنے کے قابل ہوگا اور وہ ایک ہی چیٹ سے تمام گروپس میں میسیج بھیجنے کا اہل بھی ہوگا۔
اسی طرح عام صارفین بھی کمیونٹیز میں ایک جیسے تمام گروپس میں ایک ساتھ شامل کر سکیں گے اور صارفین ایک ہی چیٹ میں ہر طرح کے گروپ کے میسیج دیکھ سکیں گے۔
مذکورہ فیچر کو بہتر اور محفوظ بنانے کے لیے ’کمیونٹیز‘ کے فیچر میں شامل گروپ کے ارکان کے نمبرز واٹس ایپ چھپا دے گا۔
مذکورہ فیچر ٹوئٹر کی ٹوئٹ ڈیک کی طرح ہی کام کرے گا، جیسے ٹوئٹ ڈیک پر کوئی بھی صارف بیک وقت متعدد ٹوئٹر اکاؤنٹ کھولنے کے اہل ہوتا ہے۔
اسی طرح یہ فیچر میسیجنگ ایپ ٹیلی گرام کے ’چینلز‘ کی طرح کام کرے گا، جہاں صارفین بیک وقت متعدد گروپس کو شامل کر سکتے ہیں۔
مارک زکربرگ نے ’واٹس ایپ کمیونٹیز‘ کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب کہ حال ہی میں خبر آئی تھی کہ واٹس ایپ میسیجز پر ایموجیز کے ذریعے ری ایکشن کا فیچر بھی متعارف کرانے جا ر ہا ہے۔
علاوہ ازیں واٹس ایپ گروپ ایڈمن کو مزید بااختیار بنانے کے لیے ایک ایسے فیچر پر بھی کام کر رہا ہے، جس کے تحت ایڈمن کو یہ اختیار ہوگا کہ وہ کسی بھی گروپ رکن کا میسیج ڈیلیٹ کردیں۔