وائٹ ہاؤس نے ٹوئٹر پر بھارتی وزیراعظم کو ’اَن فالو‘ کردیا


امریکی صدر کی سرکاری رہائش گاہ ‘وائٹ ہاؤس’ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ’اَن فالو‘ کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس نے امریکی اہم عہدیداروں کے علاوہ صرف بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتی صدر کو فالو کیا ہوا تھا۔

ایک ہفتے قبل تک وائٹ ہاؤس نے 19 افراد کو فالو کیا ہوا تھا لیکن اب یہ تعداد 13 رہ گئی ہے اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر رام ناتھ کووند کو ’ان فالو‘ کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ وائٹ ہاؤس نے بھارتی وزیراعظم آفس اور امریکا میں بھارتی سفارتخانے کے اکاؤنٹس کو بھی ان فالو کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے مذکورہ بھارتی اکاؤنٹس کو 3 ہفتے قبل ٹوئٹر پر اُس وقت فالو کیا گیا تھا جب امریکا اور بھارت کے درمیان ملیریا کی دوا کلوروکوئین پر بات چیت جاری تھی۔

وائٹ ہاؤس نے بھارت میں تعینات امریکی سفیر کین جسٹر اور امریکی سفارتخانے کے اکاؤنٹ کو بھی اَن فالو کیا ہے۔

اس حوالے سے بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے وائٹ ہاؤس کے اقدام پر مایوسی کا اظہار کیا اور وزارت خارجہ سے اس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ بھارت نے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج میں استعمال ہونے والی دوا  کلوروکوئین اور پیراسیٹامول سمیت 14 دواؤں کی برآمد پر پابندی عائد کی تھی جس پر امریکی صدر نے بھارت کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے ملیریا کی دوا نہ دی تو جوابی کارروائی کیلئے تیار رہے۔

بعدازاں امریکی صدر کی دھمکی کام دکھاگئی تھی اور بھارت نے ان دواؤں کی برآمد پر فوری پابندی ہٹالی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں