مشہور سُپر ماڈل نیہا راجپوت اور پنجاب کے سابق گورنر سلمان تاثیر کے بیٹے، شہباز تاثیر نے اپنی محبت بھری کہانی سنائی ہے۔
2021ء میں نیہا راجپوت اور شہباز تاثیر کی شادی کی خبروں نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچادی تھی کیونکہ دونوں مشہور شخصیات کا تعلق مختلف شعبوں سے تھا۔
ان شخصیات کے مداح بھی اس شادی سے حیران رہ گئے تھے کیونکہ شہباز تاثیر پہلے سے شادی شدہ ہیں، شہباز تاثیر کی اپنی پہلی اہلیہ ماہین غنی سے ایک بیٹی بھی۔
یاد رہے کہ شہباز تاثیر کی ماہین غنی سے طلاق ہو چکی ہے۔
دوسری جانب یہ خوبرو جوڑی اب دو بیٹوں کے والدین بن چکے ہیں، ان کے پرستار تاحال اِن کے آپس میں ملنے اور ان کی محبت کی کہانی سے لاعلم تھے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں پاکستان کی دونوں مشہور شخصیات نے اپنی محبت کی کہانی سے متعلق کھل کر بات کی ہے۔
ان کی پہلی ملاقات کیسے اور کہاں ہوئی؟ اس سے متعلق بات کرتے ہوئے شہباز تاثیر اور نیہا راجپوت نے انکشاف کیا کہ ان کی ابتدائی بات چیت ایک باہمی دوست کے ذریعے ہوئی تھی، وہ ایک مشترکہ دوست کی جانب سے دی گئی دعوت کے دوران ملے تھے اور چند ملاقاتوں کے بعد اُنہوں نے شادی کا فیصلہ کر لیا تھا۔
شہباز تاثیر نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ انہوں نے پہلا قدم اٹھاتے ہوئے نیہا راجپوت کو شادی کی پیشکش کی تھی۔
شہباز تاثیر کا انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ یہ آسان نہیں تھا، مگر پھر بھی ظاہر سی بات ہے ہماری شادی ہوئی، ہمارا ایک خوبصورت بچہ ہے اور ایک آنے والا ہے (اس جوڑی کا دوسرا بیٹا حال ہی میں پیدا ہوا ہے)۔
نیہا راجپوت کا کہنا تھا کہ ان کا تعلق لاہور سے ہے لیکن وہ یوکرین میں پلی بڑھی ہیں اور ان کے والدین بھی یوکرین میں رہتے ہیں۔
نیہا راجپوت نے بتایا کہ وہ تقریباً آٹھ سال قبل پاکستان آئی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ میرے والدین صرف اس وجہ سے میری شادی میں شرکت نہیں کر سکے کیوں کہ اُن دنوں یوکرین میں جنگ کی صورتحال تھی۔
نیہا راجپوت نے مزید کہا کہ وہ شہباز تاثیر سے ملنے سے قبل اِن سے متعلق کچھ بھی نہیں جانتی تھیں۔