کراچی:
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میاں داد نے نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان ختم کرنے کو سازش قرار دے دیا۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کوچ و کپتان نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی بہت بہتر ہے، یہاں پی ایس ایل کا کامیاب انعقاد ہوا جس میں کئی غیرملکی کھلاڑی بھی آئے، لیکن نیوزی لینڈ نے وہ کام کیا جو سمجھ سے بالاتر ہے، آگے جا کر پتہ چلے گا کہ معاملے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے، اچانک سے سیریز کے منسوخ ہونے کے پیچھے کچھ نہ کچھ ہے۔
جاوید میاں داد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی یقن دہانیوں کے باوجود انکار کرنے کا جواز نہ تھا ، نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرنے کے پیچھے کوئی سازش ہے، یہ جاننا ضروری ہے نیوزی لینڈ کے انکار کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے۔