ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے خطے کو جوڑنے اور حکومتی استعداد کو بہتر بنانے کے لیے اہم تصور کیے جانے والے نیشنل ہائی وے کی مرمت کے لیے 20 کروڑ 35 لاکھ ڈالرز قرض کی منظوری دی ہے۔
نیشنل ہائی وے (این55) کے 222 کلو میٹر وسیع شکارپور-راجن پور سیکشن میں توسیع کرتے ہوئے دو رویہ کی جگہ چار رویہ سڑک تعمیر کی جائے گی۔
این 55 وسطی ایشیائی خطے میں اقتصادی تعاون (کاریک)کوریڈور 5 کا حصہ ہے جو کراچی بندرگاہ اور گوادر کو شمای میں واقع قومی اور بین الاقوامی شمالی مراکز سے جوڑتی ہے۔
یہ قرض نیشنل ہائی وے کی مرمت اور تکنیکی اور مالی مدد کی فراہمی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی صلاحیت بڑھانے کے لیے مرتب کیے گئے متعدد مالی سہولیات کے ڈیزائن کی دوسری قسط ہے۔
اس سے قبل 1 کروڑ 80 ڈالر کی پہلی قسط ستمبر 2017 میں منظور ہوئی تھی اورجس سے صوبہ سندھ اور خیبر پختونخواہ میں 143 کلومیٹر وسیع تین سیکشنز کی مرمت کی گئی تھی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی ماہر ٹرانسپورٹ ریکا ایڈی کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے مصروف شاہراہ کی استعداد میں اضافہ ہو گا جو صوبہ سندھ اور پنجاب کے بڑی آبادی والے مراکز سے گزرتی ہے۔
منصوبہ میں روڈ سیفٹی، ماحولیاتی لچک اور مسافروں کو سفر میں صنفی ضروریات کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ باحفاظت آرام دہ سفر کر سکیں۔
اس منصوبے سے خطے میں سامان اور لوگوں کو نقل و حرکت کی سہولیات موثر آئیں گی اور یہ کورونا وائرس سے پاکستان کی اقتصادی بحالی کے لیے بھی معاون ثابت ہوگا۔
منصوبے میں بس اسٹاپ، ایمرجنسی رسپانس سینٹرز اور سڑک پر حفاظت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ حادثات کے بعد مؤثر کارروائی کے لیے ٹریفک پولیس کی سہولت بھی موجود ہے۔
بس اسٹاپ ایمرجنسی ریسپونس سینٹرز میں مرد اور خواتین کے لیے علیحدہ علیحدہ سہولیات ہوں گی اور خواتین، بچوں، بزرگوں اور معذور افراد کے لیے آرام گاہوں کا انتظام بھی کیا جائے گا۔