نیب نے شہبازشریف کا عدالت حاضری سے مستقل استثنیٰ چیلنج کردیا

نیب نے شہبازشریف کا عدالت حاضری سے مستقل استثنیٰ چیلنج کردیا


لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے حاضری سے مستقل استثنیٰ کے عدالتی فیصلے کو چیلنج کردیا۔

لاہور کی احتساب عدالت میں 17 جنوری کو چوہدری شوگر ملز کیس کی سماعت ہوئی تھی، اس  دوران عدالت نے آشیانہ اور رمضان شوگرملز کیس میں شہبازشریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کی۔

نیب نے احتساب عدالت کے اس  فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔

نیب نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ شہباز شریف کے خلاف احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال ریفرنس اور رمضان شوگر مل ریفرنس زیرسماعت ہیں، وہ مرکزی ملزم ہیں۔

نیب نے استدعا کی کہ ٹرائل کورٹ نے قانون کے برعکس مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کی لہٰذا اس فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف اپنے بڑے بھائی اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے ہمراہ لندن روانہ ہوئے تھے اور جب سے وہ لندن میں ہی مقیم ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں