ناکارہ پیس بیٹری سے سلیکٹرز کا اعتبار اٹھ گیا


لاہور:  ناکارہ پیس بیٹری سے سلیکٹرز کا اعتبار اٹھ گیا، محمد عامر اور وہاب ریاض کو ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کی سزا مل گئی،دونوں سینٹرل کنٹریکٹ سے ہاتھ دھو بیٹھے،فارم اور فٹنس مسائل کا شکار حسن علی بھی بغیر تنخواہ کے گزارا کریں گے۔

سرفراز احمد اور یاسر شاہ کی بی کیٹیگری میں تنزلی ہو گئی، اظہر علی اور شاہین شاہ آفریدی اے کے حقدار قرار پائے، امام الحق کو بھی ایک درجہ پیچھے دھکیل دیاگیا، عابد علی،محمد رضوان اور شان مسعود ترقی کے بعد بی کیٹیگری میں آگئے،نسیم شاہ کو پہلی بار کنٹریکٹ مل گیا،افتخار احمد بھی فہرست میں شامل ہیں،دونوں کوسی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے،ایمرجنگ پلیئرز کے طور پر حیدر علی، محمد حسنین اور حارث رؤف کو ماہانہ تنخواہ پانے کا موقع ملے گا، ڈومیسٹک سیزن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کرکٹرز کی آمدنی کو بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے، ویمن کرکٹرز کے کنٹریکٹ کا اعلان جلدہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے گزشتہ برس19 کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دیے تھے جو آئندہ ماہ ختم ہو جائیں گے۔

یکم جون سے شروع ہونے والے نئے معاہدوں کیلیے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی مرتب کردہ فہرست منگل کو حتمی منظوری کیلیے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کے سپرد کی گئی،بدھ کو 18کرکٹرزکا اعلان کردیا گیا،گزشتہ سال معاہدوں سے قبل ہی ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے والے محمد عامر سی کیٹیگری میں شامل تھے، ان کو اس بار فہرست سے ہی باہر کردیا گیا،وہاب ریاض نے گزشتہ کنٹریکٹ میں بی کیٹیگری لینے کے بعد ٹیم کے مفادات کو نظر انداز کرتے ہوئے طویل فارمیٹ سے غیر معینہ مدت کیلیے رخصت کا اعلان کردیا تھا،پیسر کی چھٹی کر دی گئی،فہرست سے باہر ہونے والے تیسرے فاسٹ بولر حسن علی ہیں، مسلسل انجریز کے ساتھ کارکردگی کا گراف بھی نیچے جانے کی وجہ سے ان کو بھی اب بغیر تنخواہ کے گزارا کرنا ہوگا،تینوں فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت کے ساتھ جگہ بھی گنوا دینے والے سرفراز احمد اور صرف ٹیسٹ کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کرنے والے یاسر شاہ کی بھی اے سے بی کیٹیگری میں تنزلی ہوگئی۔

اظہر علی اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک درجہ ترقی پاتے ہوئے اے کیٹیگری میں پہلے سے موجود بابر اعظم کو جوائن کرلیا،امام الحق کو بی کیٹیگری سے سی میں دھکیل دیا گیا، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد عباس، شاداب خان بی کیٹیگری میں برقرار رہے، عابد علی، شان مسعود اور محمد رضوان نے ایک درجہ ترقی پاتے ہوئے ان کو جوائن کرلیا ہے،سی کیٹیگری میں نسیم شاہ اور افتخار احمد کی صورت میں نئی انٹریز ہوئیں، عماد وسیم کے ساتھ کارکردگی میں تسلسل نہ ہونے کے باوجود فخرزمان اور عثمان شنواری پہلے ہی موجود ہیں، دوسری جانب اس بار ایمرجنگ کیٹیگری کا اضافہ کرتے ہوئے حیدر علی، محمد حسنین اور حارث رؤف کو شامل کیا گیا ہے۔

نئے کنٹریکٹ کے مطابق کیٹیگری اے میں بابر اعظم، اظہر علی اور شاہین شاہ آفریدی کو شامل کیا گیا ہے،کیٹیگری بی میں اسد شفیق، سرفراز احمد، عابد علی، حارث سہیل، محمد عباس، محمد رضوان،شاداب خان، شان مسعود اور یاسر شاہ کو جگہ ملی،کیٹیگری سی میں فخر زمان، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، نسیم شاہ اورعثمان شنواری شامل ہیں، ایمرجنگ پلیئرز حیدر علی، حارث رؤف اور محمد حسنین کو بھی کنٹریکٹ دیے گئے۔ علاوہ ازیں ڈومیسٹک سیزن 2019-20 میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے قومی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنانے یا بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے پر دستک دینے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلیے پی سی بی ڈومیسٹک کنٹریکٹ میں آمدنی  بڑھانے پر غور کررہا ہے، ویمن کرکٹرز کے کنٹریکٹ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں