پیساڈینا، کیلیفورنیا:
آپ نے حال ہی میں ناسا کے جدید ترین مریخی مشن پریزروینس کے بارے میں سنا ہوگا جو اس سال جولائی میں مریخ کی جانب بھیجا گیا تھا۔ اس مریخی گاڑی کی خاص بات یہ ہے کہ وہ اس کی سطح سے مٹی اور پتھر لے کر زمین پر واپس آئے گی جہاں تجربہ گاہوں میں ماہرین اس کا بغور مطالعہ کریں گے۔
اب صرف 55 دن بعد پریزروینس مریخ پر اترے گا اور اس کا اینی میشن ٹریلر کرسمس کے موقع پر جاری کیا گیا ہے۔ اس ایک منٹ کے ٹریلر میں خلائی گاڑی کو مریخ پر اترتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس ڈرامائی ٹریلر میں خصوصی صوتی اثرات کے ساتھ پریزروینس کو مریخی فضا میں داخل ہوتے، پیراشوٹ کھولتے، حرارت سے بچانے والی شیلڈ کی سرگرمی اور آخر کار روبوٹ کو مریخی سطح پر اترتے ہوئے دیکھا جاسکا ہے۔
پریزروینس مشن کو اس بار بطورِ خاص فلکی حیاتیات یعنی ایسٹروبائلوجی کی تحقیق کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کے خاص آلات مریخ کی سرخ مٹی میں کسی پرانے خردنامئے یا حیاتیاتی (آرگینگ) جزو کو ڈھونڈنے کی کوشش کریں گے تو دوسری جانب مریخی سطح اور مریخیات کا احوال بھی معلوم ہوسکے گا۔ یہ مریخی موسم کے قدرے پرانے آثار کی کھوج کرے گا اور آخر کار انسانی مہم جوئی کی راہ ہموار کرے گا۔
پریزروینس کا دوسالہ مشن ہے لیکن مریخ پر یہ ایک سال ہی شمار ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ اس مشن کا سائنس کے چاہنے والوں کو انتظار تھا جس کا حقیقت سے قریب ایک بہت عمدہ ٹریلر جاری کیا گیا ہے۔ ناسا کی ایک خاتون ماہر کے مطابق یہ روور جدید ترین آلات سے لیس ہے اور اس کا اہم ہدف مریخ پر انسانی بقا اور زندہ رہنے کے امکانات پر غور کرنا ہے۔ لیکن پریزورینس میں پہلی مرتبہ ایک ہیلی کاپٹر بھی مریخ پر بھیجا گیا ہے۔
لیکن دوسری جانب یورپی خلائی ایجنسی اور چین نے بھی مریخ کے لیے حیرت انگیز خلائی جہاز بھیجنے کا عندیہ دیا ہے۔