پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور گلوکارہ میشا شفیع کی پہلی امریکی فلم ’مستاش‘ کی پہلی جھلک جاری کر دی گئی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر میشا شفیع نے بین الاقوامی فلم مستاش کی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں انہیں حجاب میں دیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’عمران جے خان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’مستاش‘ سے پہلی جھلک‘۔
میشا شفیع نے لکھا ہے کہ ’میں یہ اعلان کرتے ہوئے بہت پُر جوش ہوں کہ ہماری یہ فلم بہت محنت سے بنائی گئی ہے، اسےSXSW نے رواں برس ’نیریٹیو فیچر کمپیٹیشن‘ کے لیے منتخب کر لیا ہے‘۔
انہوں نے اپنی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے فلم کی کاسٹ اور پروڈیوسرز کو ٹیگ بھی کیا ہے۔
فلم کے پاکستانی نژاد ہدایت کار عمران جے خان نے بھی انسٹا پوسٹ شیئر کرتے ہوئے SXSW فلم فیسٹیول کی جانب سے فلم کی نامزدگی پر خوشی اور تشکر کا اظہار کیا ہے۔
فلم کی کہانی 13 سالہ پاکستانی لڑکے اور اس کے پاکستانی والدین کے گرد گھومتی ہے، اس لڑکے کی والدہ کا کردار میشا شفیع نبھا رہی ہیں، فلم میں 1990ء کے زمانے کی امریکی زندگی اور وہاں کے مسلمانوں کے حالات دکھائے گئے ہیں۔
ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ اس فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کو کچھ دیگر فیسٹیولز میں بھی پیش کیے جانے کے بعد رواں سال کے اختتام تک کسی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔