سینئر اداکار بہروز سبزواری کا کہنا ہے کہ خواتین کو موٹرسائیکل پر بیٹھتے ہوئے مناسب کپڑوں کا انتخاب کرنا چاہیے۔
یوٹیوبر نادر علی کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بہروز سبزواری نے کہا کہ میں خواتین کی آزادی کے بالکل خلاف نہیں ہوں، مجھے اتنا غصہ آتا ہے وہ بیچاری عبائے میں نوکری کرنے جارہی ہیں، آپ سڑکوں پر دیکھیں کہ کیسے انہیں گھورا جاتا ہے۔
اداکار نے کہا کہ لڑکے موٹرسائیکل پر جارہے ہوتے ہیں لیکن پیچھے مُڑ کر خواتین کو دیکھنا ہے، بھائی آگے دیکھو مرجاؤ گے لیکن انہیں دیکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ظاہر ہے آج کل سب کے پاس گاڑیاں نہیں ہیں، موٹرسائیکل ضرورت ہے لیکن پیچھے بیٹھی کچھ خواتین ایسے کپڑے پہنتی ہیں جو مناسب نہیں ہیں، ان کپڑوں میں سے جسم جھلک رہا ہوتا ہے، اس کے علاوہ ٹائٹ کپڑے پہنے ہوتے ہیں جو اچھی بات نہیں ہے، یہ غلط ہے، اس سے گھر کی ٹریننگ کا پتا چلتا ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ خواتین کو چاہیے موٹرسائیکل پر اوڑھ کر خود کو لپیٹ کر نکلیں اور چادر پہن کر موٹرسائیکل پر بیٹھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مردوں سے بھی ان کی نگاہ کا سوال کیا جائے گا، انہیں اپنی نگاہ نیچی رکھنی چاہیے۔