پاکستانی معروف اداکار، گلوکار و کامیڈین علی گُل پیر اور اُن کی پیروڈی ویڈیوز سے کون واقف نہیں ہے۔
اداکار ناصرف فنکاروں، عام عوام بلکہ نامور سیاستدانوں کے دلچسپ بیانات پر بھی پیروڈی ویڈیو بنانے میں خوب مہارت رکھتے ہیں۔
علی گُل پیر کی ویڈیو جہاں اُن کے فالوورز و انٹرنیٹ صارفین کو انٹرٹینمنٹ مہیا کرتی ہے وہیں حسِ مزاح کے شیدائیوں کو اداکار کی پیروڈی ویڈیوز کا انتظار رہتا ہے۔
علی گُل پیر نے کافی عرصے بعد نئی پیروڈی ویڈیو بنائی ہے جس میں وہ معروف، سینئر اداکار و فلمساز جاوید شیخ کی بیٹی، اداکارہ مومل شیخ کے نئے بیان اپنے تاثرات دے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ حال ہی میں اداکارہ مومل شیخ نے ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی تھی۔
اس دوران انہوں نے اپنے بچپن میں تنگ حالات اور ادھوری خواہشات پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے اور میرے چھوٹے بھائی شہزاد شیخ نے بہت جدوجہد کی تھی۔
اداکارہ کا ایک مہنگی چاکلیٹ کا نام لیتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے وہ چاکلیٹ بہت پسند تھی مگر ہم پیسوں کی تنگی کے سبب وہ خرید نہیں سکتے تھے، میں وہ چاکلیٹ جب جب اپنے دوستوں کے گھر دیکھتی تھی تو میرا اُسے کھانے کے لیے بہت دل کرتا تھا مگر میں مانگ نہیں سکتی تھی۔
مومل شیخ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے آج بھی اپنی ترسی ہوئی نگاہوں سے اُس چاکلیٹ کو دیکھنا یاد ہے۔
مومل شیخ کے اس بیان پر علی گُل پیر کی پیروڈی ویڈیو پر صارفین و نامور فنکار اداکار کی صلاحیتوں کی خوب تعریفیں کر رہے ہیں۔