کراچی:
موت کے کنویں میں جاری کرکٹ کا سرکس رک گیا جب کہ ملک میں روزانہ ساڑھے تین لاکھ کیسز اور ہزاروں اموات کے باوجود دولت کی لالچ میں آئی پی ایل کو نہ روکنے والا بھارتی کرکٹ بورڈ بیک فٹ پر چلا گیا۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے آفیشلز کی جانب سے چند روز قبل تک دعویٰ کیا جارہا تھا کہ آئی پی ایل کیلیے تیار کردہ بائیو ببل دنیا کا محفوظ ترین مقام ہے، وہاں پر کورونا کا گھسنا محال ہے مگر اب اس ببل میں بھی وائرس نے سوراخ کردیا۔
کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے اسپنر ورون چکرورتھی اور فاسٹ بولر سندیپ واریئر کا ٹیسٹ مثبت آنے پر پیر کو رائل چیلنجرز بنگلور سے شیڈول میچ ملتوی کردیا گیا، آئی پی ایل 2021 کے آغاز سے پہلی بار بائیوببل میں کوئی مثبت کیس سامنے آیا۔
یہ معلوم ہوا ہے کہ چکرورتھی نے حال ہی میں بائیوسیکیور ببل چھوڑا تھا، وہ متاثرہ کندھے کا اسکین کرانے کے لئے اسپتال گئے تھے، گرین چینل کے ذریعے کسی بھی کھلاڑی کو طبی وجوہات کی بنا پر پی پی ای لباس میں باہر لے جایا جاتا ہے، جس گاڑی پر وہ سفر کرتا ہے اس کا ڈرائیور بھی بائیوببل کا حصہ اور پی پی ای لباس میں ملبوس ہوتا ہے، اسی طرح اسپتال کا عملہ بھی پی پی ای لباس میں ملبوس ہوکر اپنا کام کرتا ہے، اس کے باوجود محسوس یہی ہوتا ہے کہ چکرورتھی اسپتال سے ہی وائرس کو ساتھ لے کر آئے۔
آئی پی ایل کے اعلامیے میں کہا گیا کہ گذشتہ 4 روز کے دوران ٹیسٹنگ کے تیسرے راؤنڈ میں مذکورہ کھلاڑیوں کا نتیجہ مثبت آیا جبکہ باقی اسکواڈ کے نتائج منفی رہے ہیں، اس کے باوجود تمام پلیئرز کو ہفتے کے روز ہی 5 دنوں کیلیے آئسولیٹ کردیا گیا ہے، وہ 6 مئی تک ہوٹل کے کمروں تک محدود رہیں گے۔
اس دوران میڈیکل اسٹاف نہ صرف نگرانی کرتا رہے گا بلکہ باقاعدگی سے کورونا ٹیسٹ بھی ہوں گے، قرنطینہ کی مدت مکمل ہونے کے 2 روز بعد 8 مئی کو کے کے آر کا اگلا میچ دہلی کیپیٹلز سے شیڈول ہے۔
دوسری جانب دہلی میں موجود چنئی سپر کنگز کے 3 ممبران کو بھی کورونا وائرس نے لپیٹ میں لے لیا، ان میں فرنچائز کے چیف ایگزیکٹیو کیسی وشواناتھن ، بولنگ کوچ لکشمی پاتھی بالاجی اور ایک بس کلینر شامل ہے، یہ معلوم ہوا ہے کہ چنئی کے دیگر ممبران کے نتائج کلیئر آئے ہیں مگر ان کی بھی باقاعدگی سے مانیٹرنگ ہوتی رہے گی۔
متاثرہ تینوں افراد کا ایک اور ٹیسٹ لیا گیا ہے اگر وہ بھی مثبت آیا تو انھیں 10 روز تک بائیوببل میں ہی خصوصی طور پر مختص ایریا میں قرنطینہ کرنا پڑے گا۔ ہفتے کو ممبئی انڈینز سے میچ کے دوران بالاجی چنئی ڈگ آؤٹ میں موجود تھے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل آئی پی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر ہیمنگ امین نے تمام کھلاڑیوں کو یقین دہانی کرائی تھی کہ بائیوببل انتہائی محفوظ ہے، ان کی تسلی کیلیے چند مزید سخت انتظامات کا بھی اعلان کیا گیا تھا، باقاعدگی سے ٹیسٹنگ کے ساتھ باہر سے کھانا منگوانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی تھی۔
ادھر بی سی سی آئی کے ایک آفیشل نے کہا کہ صورتحال دن بہ دن مخدوش ہوتی جارہی ہے، فی الحال صرف ایک میچ ملتوی ہوا جبکہ حکام لیگ کو ہی روکنے پر سوچ بچار کررہے ہیں، کسی بھی وقت باقاعدہ اعلان بھی کیا جاسکتا ہے۔ فی الحال بی سی سی آئی کی جانب سے آخری لمحات تک لیگ کے التوا سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا تھا، چنئی سپر کنگز کا اگلا میچ بدھ کودہلی کے ساتھ شیڈول ہے۔