پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار منیب بٹ نے مشکل وقت میں مدد کے لیے ہاتھ بڑھانے پر پروڈیوسر عبداللّٰہ کادوانی اور اسد قریشی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ہے۔
منیب بٹ نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے کچھ عرصے پہلے اپنے گھر میں ہونے والے خوفناک سلینڈر بلاسٹ کے بارے میں بات کی جس کے باعث ان کے گھر میں کافی نقصان ہوا تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ میرے گھر میں جب دھماکا ہوا تو وہ اتنا زوردار تھا کہ میرے کمرے کی چھت گر گئی تھی لیکن اللّٰہ کا شکر ہے کہ چھت گرنے سے پہلے ہی ہم لوگ اس کمرے سے باہر آگئے تھے تو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
منیب بٹ نے مزید کہا کہ میں اس واقعے کے بعد سب سے زیادہ اپنی انڈسٹری کے لوگوں اور بالخصوص عبداللّٰہ کادوانی اور اسد قریشی کا شکر گزار ہوں۔
اُنہوں نے بتایا کہ مجھے اس وقت کافی لوگوں کی کال آئی لیکن عبداللّٰہ کادوانی نے مجھے کال کرکے کہا کہ دیکھو تمہیں کسی بھی چیز کی ضرورت ہو تو سوچنا مت فوراََ بتا دینا جبکہ اسد قریشی نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ میں تمہاری فیملی کے لیے کچھ دنوں کے لیے ایک ہوٹل میں بکنگ کروا دیتا ہوں تم اپنی فیملی کے ساتھ وہاں شفٹ ہوجاؤ۔
منیب بٹ نے بتایا کہ اسد قریشی صاحب کی یہ پیشکش سن کر میں نے کہا کہ آپ نے میرے بارے میں اتنا سوچا آپ کا بہت شکریہ لیکن گھر میں ہمارا سامان بھی ہے تو ایسے گھر کو چھوڑ کر جانا مناسب نہیں ہے تو ہم لوگ یہیں گزارا کر لیں گے۔
اُنہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ لیکن یہ سب دیکھ کر اچھا لگا خوشی ہوئی کہ ہماری انڈسٹری کے سینئر لوگ دوسروں کا اتنا خیال کرنے والے ہیں۔