بالی ووڈ کے معروف اداکار منوج باجپائی نے سلمان خان کو ’بڑے دل والا‘ انسان قرار دے دیا۔
منوج باجپائی سے ایک انٹرویو کے دوران یہ سوال پوچھا گیا کہ کیا یہ سچ ہے کہ سلمان خان نے 1999ء میں منعقد ہونے والے ایوارڈ شو میں ایوارڈ ملنے پر یہ کہا تھا کہ ’اس ایوارڈ کا حقدار تو منوج باجپائی ہے پتہ نہیں مجھے کیوں دیا گیا‘۔
اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جی بالکل، یہ سچ ہے کیونکہ اس ایوارڈ شو میں جیسے ہی سلمان خان کو ’بیسٹ ایکٹر اِن سپورٹنگ رول‘ کے زمرے میں ان کی فلم’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کے لیے ایوارڈ دیا گیا تو وہاں موجود لوگوں نے شور کرنا شروع کر دیا۔
اداکار نے بتایا کہ شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ مجھے اپنی فلم’ستیا‘ کے لیے ملنا چاہیے تھا پھر جب سلمان خان اسٹیج پر ایوارڈ وصول کرنے گئے تو اُنہوں نے کہا کہ’اس ایوارڈ کا حقدار تو منوج باجپائی ہے پتہ نہیں مجھے کیوں دیا گیا ہے‘ یہ سن کر مجھے بہت خوشی ہوئی۔
اُنہوں نے کہا کہ سلمان خان نے جو کہا وہ بولنے کے لیے انسان کے پاس بہت بڑا دل چاہیے ہوتا ہے۔
منوج باجپائی نے کہا کہ مجھے اس وقت سلمان خان کے اس اقدام پر واقعی بہت خوشی ہوئی کہ انڈسٹری میں کچھ ایسےاچھے اور بڑے دل والے لوگ بھی ہیں۔