’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کے تیسرے سیکوئل سے متعلق بڑی خبر سامنے آگئی

’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کے تیسرے سیکوئل سے متعلق بڑی خبر سامنے آگئی


بالی ووڈ کے معروف اداکار ارشد وارثی کا کہنا ہے کہ ان کی مقبول ترین فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کا تیسرا سیکوئل آنے کا امکان نہیں ہے۔

خیال رہے کہ اداکار ارشد وارثی نے بالی ووڈ بلاک بسٹر فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ میں سرکٹ کے کردار سے عالمی شہرت حاصل کی۔

پہلے ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ اور پھر اس کے سیکوئل ’لگے رہو منا بھائی‘ نے شائقین کو خوب محظوظ کیا اور شائقین فلم بے صبری سے اس فلم کے تیسرے سیکوئل کے منتظر تھے، تاہم اب ان کے لیے بُری خبر سامنے آئی ہے۔

اداکار ارشد وارثی کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں تیسرے پارٹ کے بننے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عجیب بات یہ ہے کہ ایک ڈائریکٹر فلم بنانا چاہتا ہے، پروڈیوسر اسے پروڈیوس کرنا چاہتا ہے اور شائقین فلم دیکھنا چاہتے ہیں اور اداکار بھی کام کرنا چاہتے ہیں لیکن پھر بھی یہ فلم نہیں بن رہی۔

ان کے مطابق راجکمار ہیرانی ایک پرفیکشنسٹ ہیں، ان کے پاس تینوں پارٹ کے اسکرپٹس موجود ہیں لیکن وہ تیسرے پارٹ سے مطمئن نہیں ہیں اور جب تک وہ سو فیصد مطمئن نہ ہوں وہ فلم نہیں بنائیں گے۔

واضح رہے کہ ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ 2003 میں ریلیز کی گئی اور اس سے سنجے دت اور ارشد وارثی کے کیریئر کو بڑی اڑان ملی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں