منا بھائی اور سرکٹ کی جوڑی کو پسند کرنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی ہے۔
بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے دو مشہور کرداروں منا بھائی اور سرکٹ کی مقبول جوڑی 17 برس بعد ایک بار پھر بڑے پردے کی زینت بننے کو تیار ہے۔
حال ہی میں بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک فلم کا پوسٹر شیئر کیا ہے جس میں شائقین فلم کی پسندیدہ جوڑی کو سلاخوں کے پیچھے قیدیوں کے لباس میں دیکھا جاسکتا ہے۔
فلم کے پوسٹر کے کیپش میں اداکار سنجے دت نے لکھا ہے کہ’ہمارا انتظار آپ کے انتظار سے طویل ہے تاہم اب انتظار کی یہ گھڑیاں ختم ہوئیں، جلد اپنے بھائی ارشد وارثی کے ساتھ ایک اور دلچسپ فلم لا رہا ہوں، دیکھتے رہیے‘۔
دوسری جانب بھارت کے معروف اداکار ارشد وارثی نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں فلم کا پوسٹر ہے اور ملے جلے جذبات کا اظہار کرتے اپنی آنے والی فلم کا اعلان کیا۔
واضح رہے کہ ہدایت کار سدھانت سکھدیو کی ہدایتکاری میں بننے والی اس کامیڈی فلم کو خود سنجے دت نے پروڈیوس کیا ہے، تاہم ابھی اس فلم کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔