ملکی سیاسی صورتحال کے باعث ڈالر نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

ملکی سیاسی صورتحال کے باعث ڈالر نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا


 کراچی: تحریک انصاف کے لانگ مارچ اور حکومت کا لانگ مارچ روکنے کے اقدامات سے ملک میں تصادم کی صورتحال کے باعث بدھ کو بھی ڈالر کی پیش قدمی جاری رہی جس سے ڈالر کے اوپن ریٹ 203روپے کی نئی بلند ترین سطح پہنچ گئے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات سے متعلق کوئی مثبت نتیجہ سامنے نہ آنے، میچور ہونے والے یورو اور سکوک بانڈز کے عوض ساڑھے چار ارب ڈالر کی ادائیگیوں کے بوجھ سے پاکستان کے مالیاتی بحران کی شدت بڑھنے سے روپیہ بے قدری کا شکار ہے۔

انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو کاروبار کے آغاز پر ہی ڈالر کی قدر ایک موقع پر 202.53روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی جس کے بعد ایک موقع پر ڈالر کی قدر 20پیسے کی کمی سے 201.21روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن کاروبار کے اختتام پر دوبارہ طلب بڑھنے سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 51پیسے کے اضافے سے 201.92روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئے۔

اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر مزید ایک روپیہ بڑھ کر 203روپے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کو تین ارب ڈالر کے قرضوں کی ادائیگیوں کی مدت بڑھانے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے لیکن بڑھتے ہوئے مالیاتی بحران سے غیریقینی اقتصادی حالات کے سبب مذکورہ سہولت ملنے کے باوجود بدھ کو ڈالر پیش قدمی نہ رک سکی ہے اور ڈالر کی اونچی اڑان جاری رہی۔


اپنا تبصرہ لکھیں