ملتان ائیرپورٹ پر مسافر کو کھانسنا اتنا مہنگا پڑا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اہلکار نے مسافر کے پاسپورٹ پر ویزے والا صفحہ ہی پھاڑ دیا۔
رپورٹ کے مطابق مسافر ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ وہ جرمنی سے براستہ سعودی عرب ملتان ائیرپورٹ پہنچا تو ایف آئی اے امیگریشن کاؤنٹر پر انہیں کھانسی آئی۔
کاؤنٹر پر موجود ایف آئی اے کے اے ایس آئی ابو بکر نے کہا کہ اپنے منہ پر ہاتھ کیوں نہیں رکھا؟ اس کے بعد تلخ کلامی پر اہلکار نے پاسپورٹ ڈاکٹر فیصل کے منہ پر دے مارا۔
ڈاکٹر فیصل نے الزام لگایا کہ ایف آئی اے اہلکاروں نے پاسپورٹ چھین لیا اور کچھ دیر کے بعد ویزے والا صفحہ پھاڑ کر واپس کر دیا۔
ادھر ایف آئی اے ترجمان محمد ذیشان کے مطابق اے ایس آئی ابوبکر کو معطل کر کے انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔