مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز کے لیے سپورٹ ختم کیے ایک سال سے زیادہ عرصہ ہوگیا اور کمپنی کی خواہش ہے کہ صارفین اپنی ڈیوائسز پر ونڈوز 10 کو اپ گرید کرلیں۔
یہ اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ رواں سال کے آخر تک ونڈوز 11 آپریٹنگ سسٹم ممکنہ طور پر صارفین کو دستیاب ہوگا۔
اگر آپ ایک پرانے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کو استعمال کررہے ہیں جس پر ونڈوز 7 انسٹال ہے تو ونڈوز 10 ہوم آپریٹنگ سسٹم کو مائیکرو سافٹ کی ویب سائٹ پر 139 ڈالرز میں خرید سکتے ہیں۔
مگر سی نیٹ کی رپورٹ کے مطابق ضروری نہیں کہ آپ کو اس کے لیے پیسے خرچچ کرنا پڑیں، مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز 10 مفت اپ گریڈ کرنے کی سہولت تیکنیکی طور پر 2016 میں ختم کردی گئی تھی مگر وہ اب بھی متعدد افراد کے لیے کارآمد ہے۔
جولائی 2015 میں جب پہلی بار ونڈوز 10 کو جاری کیا گیا تھا تو مائیکرو سافٹ نے ونڈوز 7، 8 اور 8.1 کے صارفین کے لیے مفت اپ گریڈ کی سہولت جولائی 2016 تک فراہم کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ یہ پیشکش اب ختم ہوچکی ہے مگر اب بھی متعدد افراد اس سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں یا اٹھا رہے ہیں۔
ونڈوز 7 میں اب سیکیورٹی اپ ڈیٹس یا بگز فکسز یا دیگر تیکنیکی سپورٹ فراہم نہیں کی جارہی ہے جس سے کمپیوٹرز کو وائرسز اور میل ویئر سے بہت زیادہ خطرہ ہے۔
اگرچہ ونڈوز 10 کے صارفین کو بھی حالیہ برسوں میں متعدد بگز کا سامنا ہوا مگر اب بھی اس پر سوئچ کرنا کمپیوٹر کو محفوظ رکھنے کے لیے بہترین آپشن ہے۔
مئی 2021 میں مائیکرو سافٹ نے بتایا تھا کہ اس وقت دنیا بھر میں ونڈوز 10 کے ایک ارب 30 کروڑ سے زیادہ متحرک صارفین ہیں۔
اگر آپ ونڈوز 10 کو مفت اپ گریڈ کرنا چاہتے ہیں تو آپ کے کمپیوٹر میں ونڈوز ، 8 یا 8.1 ہوم یا پرو کی لائسنس کاپی ایکٹو ہونی چاہیے۔
پھر ونڈوز 10 ڈاؤن لوڈ ویب سائٹ پر جائیں۔
وہاں Create Windows 10 installation media کے نیچے ڈاؤن لوڈ ٹول ناؤ پر کلک کرکے رن کریں۔
پھر اپ گریڈ دس پی سی ناؤ کا انتخاب کریں اور پروموٹس کو فالو کریں۔
جب اپ گریڈ مکمل ہوجائے تو سیٹنگز اپ ڈیٹ اینڈ سیکیورٹی میں ایکٹیویشن پر جائیں، جہاں آپ ونڈوز 10 کا ڈیجیٹل لائسنس دیکھ سکیں گے۔
خیال رہے کہ اگر آپ کے کمپیوٹر پر ونڈوز 7 یا 8 ہوم کا لائسنس ہوگا تو آپ ونڈوز 10 ہوم اپ ڈیٹ کرسکیں گے جبکہ 7 یا 8 پرو صارفین ونڈوز 10 پرو اپ گریڈ کرسکیں گے۔