پاکستان فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار معمر رانا نے اپنے ساتھی فنکاروں سے متعلق اپنی تلخ رائے کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ ریشم کو بدتمیز اور عروہ حسین کو فلاپ اداکارہ قرار دیا جبکہ شان شاہد کے ساتھ اسکرین شیئر کرنے سے انکار کردیا۔
اداکار معمر رانا نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ نجی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے میزبان کی جانب سے کئے گئے متنازع سوالات کا کھل کر جواب دیا۔
میزبان نے سوال کیا کہ شوبز انڈسٹری کا کون سا فنکار اوور ریٹڈ ہے؟، جس پر اداکار نے تاخیر کئے بغیر سمیع خان کا نام لیا۔
میزبان نے پھر سوال کیا کہ معاوضہ ملنے کے باوجود انڈسٹری کے کس فنکار کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہیں گے؟، جس پر انہوں نے فوراً شان شاہد کا نام لیتے ہوئے کہا کہ شان کے ساتھ کام کرنا نہیں چاہتا۔
انڈسٹری کے بدتمیز فنکار کے حوالے سے کئے گئے سوال پر معمر رانا تھوڑے ہچکچائے اور پھر اداکارہ ریشم کا نام لیتے ہوئے کہا کہ انہیں بنیادی اخلاقیات نہیں ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے دانش تیمور کے حوالے سے کہا کہ دانش تیمور نے کاسمیٹک سرجری کروائی ہے جبکہ انڈسٹری کے فلاپ فنکار کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے اداکارہ عروہ حسین کا نام لیا۔