مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال گرفتار

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال گرفتار


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کو نارووال کے اسپورٹس سٹی منصوبے میں مبینہ بدعنوانیوں متعلق کیس میں گرفتار کرلیا۔

واضح رہے کہ احسن اقبال کو اربوں روپے کے اسپورٹس سٹی پروجیکٹ نارووال سے متعلق کیس میں بیان ریکارڈ کروانے کے لیے نیب نے طلب کیا تھا۔

ڈان نیوز ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ نیب میں آج احسن اقبال پیش ہوئے، جہاں بعد ازاں انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

اس حوالے سے جاری نیب کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ نیب راولپنڈی نے نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس اسکینڈل میں رکن قومی اسمبلی احسن اقبال کو گرفتار کرلیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ احسن اقبال کے طبی معائنے کے لیے نیب نے ڈاکٹرز کی ٹیم کو طلب کرلیا ہے جبکہ ملزم کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے کل (24 دسمبر) کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

قبل ازیں ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ یہ 2 ماہ میں دوسری مرتبہ تھا کہ مسلم لیگ(ن) کے رہنما کو ان کی آمدنی اور اخراجات کی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے طلب کیا تھا۔

واضح رہے کہ احسن اقبال پر نارووال اسپورٹ سٹی منصوبے کے لیے وفاقی حکومت اور پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے فنڈز استعمال کرنے کا الزام ہے۔

اس سلسلے میں وہ پہلے بھی نیب میں پیش ہوچکےہیں جبکہ انہوں نے اسی کیس میں نیب کی جانب سے دیے گئے سوالنامے کا جواب بھی دیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں