مستقل کوچ؛ گیری کرسٹن بھی پاکستانی ریڈار میں آگئے

مستقل کوچ؛ گیری کرسٹن بھی پاکستانی ریڈار میں آگئے


 کراچی: 

مستقل کوچ کیلیے گیری کرسٹن پاکستانی ریڈار میں آگئے جب کہ مصباح الحق کے جانشین کیلیے انھیں اور سائمن کیٹچ کو شارٹ لسٹ کیے جانے کا امکان ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ میں قیادت کی تبدیلی کے بعد ہواؤں کا رخ دیکھتے ہوئے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس نے اپنی ذمہ داریوں سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کی وجہ سے پی سی بی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کیلیے عبوری طور پر سابق اسپنر ثقلین مشتاق کا بطور ہیڈ کوچ اور عبدالرزاق کا بطور بولنگ کوچ تقرر کیا۔

ایک غیرملکی اخبار کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ نئے چیئرمین رمیز راجہ غیرملکی کوچ کے تقرر میں دلچسپی رکھتے ہیں، اسی لیے مختلف دستیاب کوچز کو فی الحال شارٹ لسٹ کیا جارہا ہے، ان میں بھارت کو 2011 میں ورلڈ کپ جتوانے والے گیری اسٹیڈ اور آسٹریلیا کے سابق کرکٹر سائمن کیٹچ کا نام بھی شامل ہے، اگرچہ پہلے پیٹر مورس کا بھی نام لیا گیا تھا مگر وہ پہلے ہی ناٹنگھم شائر کے ساتھ معاہدے کی 3 برس کیلیے تجدید کرچکے ہیں۔

کیٹچ نے رائل چیلنجرز بنگلور کے ساتھ کچھ وقت بطور ہیڈ کوچ گزارا اور پھر کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے اسسٹنٹ کوچ بن گئے۔ اس وقت ٹاپ کوچز کی بڑی تعداد معروف لیگز کی فرنچائزز کے ساتھ وابستہ ہونے میں زیادہ دلچسپی رکھتی ہے کیونکہ اس میں کم مدت کے فرائض کا زیادہ معاوضہ ملتا ہے۔

دوسری جانب پاکستان نے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں زبردست آغاز کیا ہے، ثقلین مشتاق خاص طور پر ٹیم میں ’اپنے ملک کیلیے کھیلو‘ کا کلچر متعارف کروا رہے ہیں، اسی مقصد کیلیے نیٹ سیشنز کے دوران قومی پرچم بھی ساتھ میں نصب کیا جاتا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں