لاہور:
مزید 3 قومی کرکٹرز کو کورونا فری سرٹیفکیٹ مل گیا، حیدر علی، عمران خان سینئر اور کاشف بھٹی کی دوسری رپورٹ بھی منفی آگئی، صرف حارث رؤف تاحال چھٹکارا پانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
تفصیلات کے مطابق دورۂ انگلینڈ کیلیے پاکستان نے 29 کھلاڑیوں کا اعلان کیا تھا، ان میں سے شعیب ملک کے سوا باقی 28کی پہلی کورونا ٹیسٹنگ میں 10 کے نتائج مثبت آئے تھے، کلیئر ہونے والے 18 پلیئرز کے دوسرے ٹیسٹ کا نتیجہ بھی منفی رہا، ان کے ساتھ کورونا کلیئرنس پانے والے روحیل نذیر اور محمد موسیٰ بھی انگلینڈ روانہ ہوئے، بعد ازاں محمد حفیظ، وہاب ریاض، فخرزمان، وہاب ریاض، محمد رضوان اور محمد حسنین بھی 2 ٹیسٹ کے نتائج نیگیٹو آنے پر جمعے کو انگلینڈ پہنچ گئے۔
وہاں بھی کلیئر ہونے پر ان 6 کرکٹرز کو ووسٹر میں دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کی اجازت مل جائے گی، پہلے ٹیسٹ میں مثبت رپورٹ کے حامل باقی 4 کھلاڑیوں میں سے حیدر علی، عمران خان سینئر اور کاشف بھٹی بھی کورونا سے چھٹکارا پانے میں کامیاب ہوگئے۔