ساؤتھ فلم انڈسٹری کے نامور اداکار مموتی اصل نام محمد کٹی پنیپرامبیل اسماعیل کے مداحوں نے اُن کے یوم پیدائش پر 25 ہزار خون کی بوتلیں عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔
خون عطیہ کرنے کی مہم گزشتہ 10 برس سے لگائی جارہی ہے، اس بار بھارت سمیت دنیا کے 17 ممالک میں کیمپ لگائے جائیں گے۔
ملیالم اداکار مموتی نے ہندی، تامل، تیلگو، کناڈا اور انگریزی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، مشہور ویب سائٹ آئی ایم ڈی بی کے اعداد و شمار کے مطابق انہوں نے 424 فلمیں کی ہیں جبکہ 12 زیر تکمیل ہیں۔
71 سالہ مموتی 7 ستمبر 2023ء کو اپنا 72واں جنم دن منا رہے ہیں، اداکار کے مداحوں اور ویلفیئر ایسوسی ایشن انٹرنیشنل نے دبئی، کیرالہ سمیت دنیا بھر میں خون کے عطیات وصول کرنے کی مہم شروع کی ہے۔
اداکار کے جنم دن پر اُن کے مداحوں نے 25 ہزار خون کی بوتلیں عطیہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، اس حوالے سے کیمپ اگست کے آخری ہفتے میں لگائے جائیں گے۔
ویلفیئر ایسوسی ایشن انٹرنیشنل کے سیکریٹری کے مطابق خون کے عطیات کی وصولی کےلیے جن 17 ممالک میں کیمپ لگائے جائیں گے، اُن میں بھارت، متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، کویت، سعودی عرب، قطر، بحرین،امریکا، آسٹریلیا، کینیڈا، نیوزی لینڈ، برطانیہ، سری لنکا، سنگاپور، ملائیشیا اور چین شامل ہیں۔
ویلفیئر ایسوسی ایشن کے مطابق مموتی کے ہزاروں مداحوں ہزاروں خون کے عطیات دینے کو تیار ہیں، اتنی بڑی مہم کےلیے وسیع انتظامات کی ضرورت ہے، بھارت کے 14 اضلاع میں بندوبست کرلیا گیا ہے۔
مموتی کے جنم دن پر خون کے عطیات کی مہم گزشتہ 10 برس سے جاری ہے اور یہ عمل کرونا وائرس کے دوران بھی باقاعدگی کے ساتھ جاری رہا۔