لاہور: محمد عامر گلوسٹر شائر کے ساتھ مختصر وابستگی کو یادگار بنانے کے خواہاں ہیں۔
ایک انٹرویو میں پیسر نے کہا کہ کاؤنٹیز نے کرکٹ میں مجھے بہت کچھ دیا، میں یہاں کھیل کر ہمیشہ لطف اندوز ہوا،اگرچہ 3سال بعد واپسی ہورہی ہے مگر کارکردگی سے اپنا انتخاب درست ثابت کرنے کی کوشش کروں گا، کاؤنٹی میں پرفارم کرنا ایک بڑا چیلنج ہے مگر میں اس کیلیے ذہنی اور جسمانی طور پر تیار ہوں۔
انھوں نے کہا کہ ایک عرصے بعد طویل فارمیٹ میں کم بیک مشکل ہوتا ہے لیکن گلوسٹرشائر نے پیشکش کی تومیں انکار نہیں کرسکا، یہاں پہنچا تو ساتھی کھلاڑیوں نے شاندار استقبال کیا،ڈریسنگ روم میں بیٹھا اورماحول دیکھا تو اندازہ ہوا کہ 3میچز کیلیے ہی سہی ایک بہترین ٹیم کے ساتھ وابستہ ہوا ہوں،اس کاؤنٹی میں شامل نوجوان کرکٹرز میں ڈٹ کر مقابلہ کرنے کی صلاحیت ہے،وہ اچھی کارکردگی دکھانے میں بھی کامیاب ہوئے ہیں۔
محمد عامر نے کہا کہ ایک سینئر کے طور پر میں نہ صرف کہ اپنی کارکردگی سے جیت میں حصہ ڈالوں گا بلکہ نوجوانوں کی رہنمائی کیلیے بھی تیار ہوں، کوشش ہوگی کہ یہاں سے اچھی یادوں کے ساتھ واپس جاؤں۔