لاہور: محمد رضوان اور چتیشور پجارا نے سسیکس کاؤنٹی کیلیے ڈیبیو کرلیا۔
دونوں کو ڈویژن 2چیمپئن شپ میں میزبان ڈربی شائر کیخلاف میچ کیلیے پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا، پجارا ماضی میں بھی انگلینڈ میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل چکے ہیں جبکہ محمد رضوان کا یہ پہلا موقع ہے،ڈربی شائر نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، توقع کی جارہی ہے کہ دونوں کو میچ کے دوسرے روز بیٹنگ کا موقع ملے گا۔
محمد رضوان وکٹ کیپر بیٹر کے طور پر تینوں فارمیٹ میں پاکستانی اسکواڈ کا مستقل حصہ ہیں،دوسری جانب چتیشور پجارا کو جنوبی افریقہ سے سیریز کے بعد بھارتی ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا، ان کی کوشش ہوگی کہ انگلش کائونٹی سیزن میں رنز کے انبار لگا کر سلیکٹرز کی توجہ حاصل کریں۔
یاد رہے کہ سسیکس کو سیزن کے پہلے میچ میں شکست ہوئی تھی،ہیڈ کوچ سالسبری ْپرامید ہیں کہ محمد رضوان اور چتیشور پجارا کی کارکردگی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے،انھوں نے کہا کہ دونوں ورلڈکلاس کرکٹرز ہیں، ان کی موجودگی میں میدان کے اندر اور باہر سسیکس کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لاسکتی ہے۔