محمد حفیظ ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے کیلیے بے چین


کراچی: آل راؤنڈر محمد حفیظ ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے کیلیے بے چین ہیں، وہ انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہنے سے قبل میگا ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں، انھوں نے اپنے ’ڈریم‘ اوپننگ پارٹنر کیلیے بابر اعظم کا انتخاب کیا، وہ روہت شرما اور ڈیوڈ وارنر کے بھی مداح ہیں۔

تفصیلات کے مطابق محمد حفیظ پاکستان کی 55  ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 91 ٹوئنٹی 20  میچز میں نمائندگی کر چکے ہیں، اس دوران انھوں نے مجموعی طور پر 12 ہزار سے زائد رنز اور 200 سیزیادہ وکٹیں لیں۔ وہ پہلے ہی ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہہ چکے اور صرف سفید بال کی کرکٹ تک محدود ہیں، اب ان کی خواہش ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کو ہمیشہ کیلیے الوداع کہنے سے قبل رواں برس آسٹریلیا میں شیڈول ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کریں۔

انھوں نے ایک انٹرویو میں اس خواہش کا اظہار کرنے کے ساتھ ڈریم اوپننگ پارٹنر کے طور پر مختصر ترین فارمیٹ کے قومی کپتان بابر اعظم کا نام لیا، حفیظ نے کہا کہ دنیا میں اس وقت متعدد شاندار بیٹسمین کھیل رہے ہیں،میں ان میں سے کئی کو پسند کرتا ہوں، اگر مجھے اپنے ڈریم پارٹنر کیلیے پاکستان سے کسی کا انتخاب کرنا پڑے تو وہ بابر اعظم ہوں گے، جس عمدہ تکنیک کے ساتھ وہ بیٹنگ کرتے ہیں اس سے دوسرے اینڈ پر موجود بیٹسمین سے دباؤ بہت کم ہوجاتا ہے، انھوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کسی خاص پلیئر کا ذکر کرنا بہت ہی مشکل ہے کیونکہ اس وقت کئی عظیم نام موجود ہیں، بہرحال میں روہت شرما اور ڈیوڈ وارنر کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنا چاہوں گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں