دبئی:
متحدہ عرب امارات نے ناسا کے خلائی پروگرام کے لیے اپنی پہلی خاتون خلانورد سمیت دو آسٹرونوٹس کو منتخب کرلیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات نے ناسا میں تربیت کے لیے اپنے خلائی پروگرام کے لیے مزید دو خلا نوردوں کو منتخب کیا ہے جن میں ملک کی پہلی خاتون خلا نورد بھی شامل ہیں۔ دونوں کو اب ناسا کے ہوسٹن میں واقع جانسن خلائی مرکز میں تربیت دی جائے گی۔
اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اپنی ٹویٹ میں اعلان کیا کہ نورا المطروشی اور محمد المولا کو ناسا کے تربیتی پروگرام کے لیے ملک بھر کے 4 ہزار سے زائد خلا نوردوں میں سے منتخب کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یو اے ای کی سات امارتوں سے تعلق رکھنے والے 4 ہزار سے زیادہ امیدواروں نے خلائی پروگرام میں شامل ہونے کے لیے درخواست دی تھی لیکن ان میں سے صرف دو منتخب ہوسکے ہیں۔