پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان 2 روز قبل دوسری بار رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں۔
ماہرہ خان نے دوسری شادی اپنے دیرینہ دوست اور کاروباری شخصیت سلیم کریم سے کی ہے۔
اداکارہ کے بھائی حسان خان اور منیجر انوشے طلحہٰ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر شادی کی ویڈیوز مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہیں جو اب سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر وائرل ہیں۔
شادی کی تقریب کی وائرل تصاویر اور ویڈیوز میں ماہرہ خان کو سفید رنگ کے عروسی لباس میں اپنے دولہا کی جانب بڑھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ دولہا سلیم کریم سیاہ رنگ کی شیروانی کے ساتھ میچنگ پاجامہ اور ہلکے نیلے رنگ کی پگڑی پہنے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
سلیم کریم کون ہیں؟
پاکستان سے تعلق رکھنے والے سلیم کریم کاروباری دنیا کی ایک ممتاز شخصیت ہیں جو ایک اسٹارٹ اپ کمپنی ’سِم پیسہ‘ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہیں۔
یہ کمپنی دنیا بھر میں 15 سے زیادہ ممالک کی کاروباری شخصیات کو اپنی خدمات فراہم کرتی ہے۔
سلیم کریم بزنس مین ہونے کے علاوہ ایک پیشہ ور ڈی جے بھی ہیں لیکن ان کا پاکستانی شوبز انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں۔
ماہرہ خان اور سلیم کریم کی پہلی ملاقات کب ہوئی؟
رپورٹس کے مطابق ماہرہ خان اور سلیم کریم کی پہلی بار 2017ء میں ایک ایپ کی لانچنگ تقریب میں ہوئی تھی۔
اداکارہ نے سلیم کریم سے اپنے تعلق کو ہمیشہ میڈیا سے دور رکھا اور 2020ء میں پہلی بار اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ان کا کسی کے ساتھ تعلق ہے۔
ماہرہ خان نے اپنی شادی سے کچھ عرصہ قبل سینئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کے ویب شو میں سلیم کریم کے ساتھ اپنے تعلق کی باقاعدہ تصدیق کی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 2007ء میں اداکارہ ماہرہ خان کی پہلی شادی علی عسکری سے ہوئی تھی جو 2015ء میں طلاق پر ختم ہوئی، پہلی شادی سے ان کا ایک 13 سالہ بیٹا بھی ہے۔