پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ میزبان و اداکارہ ڈاکٹر شائستہ لودھی نے جیو ٹی وی کے شو ‘ہنسنا منع ہے‘ میں اپنے مریضوں کی انوکھی فرمائش کا انکشاف کیا۔
شائستہ لودھی نے حال ہی میں میزبان تابش ہاشمی کے عید کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے دلچسپ گفتگو سے حاضرین و ناظرین کے دل جیت لیے۔
ایک سوال کے جواب میں شائستہ نے انکشاف کیا کہ ان کے پاس سیلیبریٹی کلائنٹس ہیں اور وہ ان کا نام نہیں بتائیں گی لیکن وہ یہ بتا سکتی ہیں کہ ان کے دیگر مریض کن اداکاروں کی طرح نظر آنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی بہت سی خواتین مریض ماہ نور بلوچ یا عائزہ خان کی تصاویر لے کر آتی ہیں اور ان سے ان اداکاراؤں کی طرح نظر آنے کی خواہش کا اظہار کرتی ہیں۔
ڈاکٹر شائستہ لودھی نے یہ بھی بتایا کہ ان کے مریضوں میں مردوں کی بھی بڑی تعداد ہے جو خوبصورت دکھائی دینے کی خواہش میں خواتین سے پیچھے نہیں ہیں اور جب وہ ان کے کلینک میں آتے ہیں تو وہ زیادہ تر فہد مصطفی کی طرح نظر آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے مزید کہا کہ لوگوں نے گورے رنگ کو خوبصورتی کا معیار بنالیا ہے، یقین کریں میرے پاس نومولود بچوں کی مائیں بھی آتی ہیں جن کے بچے صرف 6 ماہ کے ہوتے ہیں اور کہتی ہیں کہ ان کے بچے کو کسی طرح گورا کردو یا پھر 12 سے 14 برس کی بچیوں کی مائیں انہیں میرے پاس لاکر کہتی ہیں کہ ان کی عمریں ہونے والی ہیں انہیں گورا کردیں تاکہ ان کی اچھی جگہ شادی ہوجائے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ مریضوں کی ایسی تمام خواہشات کو مسترد کر دیتی ہیں اور انہوں نے کسی مخصوص رنگت کو دوسرے سے بہتر تصور کرنے کے خیال کی مذمت بھی کی۔