بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ اور ماضی کی شہرت یافتہ ہیرؤین زینت امان نے گزرے وقتوں کی یادوں کو کُریدتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو انکی ذہنی صلاحیت اور دانش کے بجائے انکے چہرے، سراپے اور حسن میں زیادہ دلچسپی ہوتی تھی۔
بھارتی میڈیا سے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران کئی بلاک بسٹر فلموں میں مرکزی کردار ادا کرنے والی 71 سالہ زینت امان نے کہا اس کے باوجود کہ انہیں انکی شکل و صورت کی بنا پر فلموں میں سائن کیا جاتا تھا لیکن وہ ایسے کردار لیتی تھیں جس میں کچھ نیا اور ایڈونچر ہو۔
ان کے مطابق انہیں ابتدا ہی میں اندازہ ہوگیا تھا کہ فلم انڈسٹری کو خواتین کی جوانی اور خوبصورتی کی ضرورت ہوتی ہے۔
زینت امان نے کہا کہ اب بھی ان لوگوں کی ذہنی صلاحیت سے زیادہ ان کی دلچسپی میری شکل اور سراپے میں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مجھے بڑھتی ہوئی عمر سے عشق ہے۔
واضح رہے کہ زینت امان نے فلم ہرے راما ہرے کرشنا (1971) سے کافی شہرت حاصل کی۔
بعدازاں انہوں نے یادوں کی بارات (1973)، روٹی کپڑا اور مکان (1974)، دھرم ویر (1977)، ستیام شیوم سندرام اور ڈان (1978)، قربانی اور دوستانہ (1980)، لاوارث (1981) سمیت متعدد ہٹ فلموں میں کام کیا۔