عائزہ خان کا کہنا ہے کہ ‘لوگ مجھ سے پاگلوں کی طرح محبت کرتے ہیں، میں اللہ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے۔
پاکستان کی نامور اداکارہ عائزہ خان اپنے ڈرامے ‘میرے پاس تم ہو’ میں مہوش کا منفی کردار نبھا کر توجہ کا مرکز بنی رہیں۔
کسی نے ان کے اس کردار کو پسند کیا تو کسی نے منفی کردار نبھانے پر اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے چند روز قبل عائزہ خان کو ایئرپورٹ پر دیکھا تھا، جہاں چند مرد اداکارہ کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کررہے تھے۔
اس ٹوئٹ کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی، جہاں چند افراد نے اداکارہ سے ہمدردی کی وہیں کچھ نے لکھا کہ اس قسم کے منفی کردار نبھانے کا یہی انجام ہوگا۔
طویل خاموشی کے بعد عائزہ خان نے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر لگائی ایک اسٹوری کے ذریعے بتایا کہ ان کے ساتھ ایسا کچھ نہیں ہوا اور سوشل میڈیا پر جھوٹی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ مطلب کسی نے کہہ دیا اور پوری دنیا نے یقین کرلیا، کیا کوئی ویڈیو یا کوئی اور ثبوت موجود ہے؟